Naqsh-e-Be-saada by Aleena Farid
"Naqsh-e-Be-saada by Aleena Farid"
نقشِ بے صدا از علینہ فرید
© Copyright 2026 – Aleena Farid
اس ناول "نقشِ بے صدا" کے تمام حقوق محفوظ ہیں۔
اس کتاب کا کوئی بھی حصہ مصنفہ علینہ فرید کی تحریری اجازت کے بغیر نقل، ترمیم، دوبارہ اشاعت، تقسیم یا کسی بھی شکل میں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
یہ کہانی اور اس کے تمام کردار، واقعات اور مکالمے مصنفہ کی تخلیقی ملکیت ہیں۔ کسی بھی قسم کی غیر مجاز نقل یا اشاعت کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی تصور ہوگی۔
All Rights Reserved
انتساب؛
ان لوگوں کے نام
جو عمر بھر سنے جانے کی خواہش رکھتے رہے،
مگر ان کی خاموشیوں کو کبھی کوئی زبان نہ مل سکی۔
ان بچوں کے نام
جو محبت کے طلبگار تھے؛ مگر محبت ہمیشہ کسی اور
کے حصے میں لکھی گئی۔
ان دلوں کے نام
جو ٹوٹے،بکھرے،تنہا ہوئے،
مگر پھر بھی محبت پر یقین کرنا نہ چھوڑا۔
اور ان تمام روحوں کے نام
جو زندگی کے شور میں اپنے وجود کے بے صدا نقوش چھوڑ گئیں۔
— علینہ فرید
**************************************************
کہتے ہیں محبت پر کسی کا اختیار نہیں ہوتا۔ سہی کہتے ہیں اس میں غلط کیا ہے؟ محبت تو خود بہ خود ہوجانے والی چیز ہے یا یوں کہیں یہ وہ جذبہ ہے جو ایک انسان کودوسرے انسان کا اسیر بنا دیتی ہے اور پھر جب اسے پتہ چلتا ہے تو تب تک محبت اس کی رگ وپے میں بھرپور طریقے سے دوڑتی چلی جاتی ہے۔ سوال یہ نہیں ہے کہ محبت کو کیسے حاصل کیا جائے؟! سوال یہ ہے کہ محبت حاصل ہوجائے تو اس محبت کو کیسے رکھا جائے؟اگر محبت مل جائے اور پھردھیرے دھیرے کرکے وہی محبت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنے کے بجائے گھٹتی چلی جائےتو؟ کیا ایسی صورتحال میں انسان کا پھر وہی مقام قائم رہتا ہے؟ یا پھر دو لوگوں کے درمیان کوئی رشتہ بچتا ہے؟ اور پھر جب حالات ہی ایسے ہوجائیں جہاں کوئی تیسرا بھی داخل ہوجائے تو وہاں کیا کرناچاہیئے؟چھوڑ دینا چاہیئے؟ اپنا لینا چاہیئے؟ تیسرے کے ساتھ سمجھوتہ کرلینا چاہیئے؟ سمجھوتہ؟ کیا واقعی رشتے سمجھوتوں پر چلتے ہیں یا پھر محبت کے ساتھ ساتھ خلوص؛ ایثار اور ایک دوسرے کے لیئے قربانی دینے کا نام کامیاب رشتہ کہلاتا ہے؟یا پھر تیسرے کو ہی کہانی سے نکال دینا چاہیئے؟ لیکن اگر اسی کہانی میں کچھ کردار ایسے ہوں جنھیں اُس تیسرے فرد سے انسیت ہوجائے تو پھر پہلے دو افراد کا کیا کرنا چاہیئے؟ یا پہلے دو کرداروں کو کیا کرنا چاہیئے؟ یہ کہانی بھی کچھ ایسی ہی الجھنوں کا مجموعہ ہے جہاں تین مختلف لوگ محبت کے سفر پر گامزن تو ہوئے مگر پھر قسمت ان پر کتنی مہربان رہی ؛ یہ آپ کو کہانی پڑھ کر ہی پتہ چلے گا۔ تو آیئے شروع کرتے ہیں۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
*************************************************************
قسط نمبر 01؛
اوائل نومبر کے دن تھے ۔ فضا میں ہلکی ہلکی خنکی بڑھ گئی تھی لیکن آج تو موسم کے تیور ہی نرالے تھے۔ تیز طوفانی ہواؤں سمیت بارش برس رہی تھی۔ کالی اندھیری رات،اوپر سے دور دراز سے جن کتوں کے بھونکنے کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں وہ بھی اب نہیں آرہی تھی ۔ ایسے میں ایک وجود تیزی سے بھاگ رہا تھا۔ چونکہ گلیاں تنگ و تاریک تھیں، مگر وہ ان تمام گلیوں سے مانوس تھی۔ بچپن، لڑکپن اور پھر جوانی جہاں گزری ہو وہاں کے تمام گلیوں سے انسیت ہوجاتی ہے اور راستے یاداشت کے پنوں پر اپنا گہرا نقش چھوڑ جاتے ہیں۔
تیز خوشبو ، سُرخ گلابوں اور چنبیلی کے پھولوں کی مہک ، رنگ برنگی آنچل اور بےہنگم موسیقی کا شور بھی اس کے ساتھ رواں دواں تھا۔ یہ گلی تو کبھی اتنی لمبی محسوس نہیں ہوئی تھی، جتنا اس وقت اسے محسوس ہورہی تھی۔ وہ بنا پیچھے کی جانب دیکھے تیز تیز قدم اٹھا رہی تھی۔ سر پر شال نما چادر ڈالے ، بالوں کو جوڑے میں قید کیئے وہ بس وہاں سے کسی بھی طرح سے نکل جانا چاہتی تھی۔
بادل گرج رہے تھے،آسمان پر بجلی زور سے کڑکتی اس کے دل کو بھی زور سے دھڑکا گئی اور پہلے سے اتھل پتھل ہوتی سانسوں کو مزید ناہموار کرگئی۔ وہ اپنے فراک کا دامن خاردار جھاڑیوں سےبچاتے ہوئے تیز تیز چل رہی تھی۔ اس نے اپنے کُھسّے اُس وقت اپنے ہاتھ میں پکڑ رکھے تھے اور وہ دبے پاؤں اب بھاگ رہی تھی ۔جس وقت وہ نکلی تھی تب گہرے بادل چھائے ہوئے تھے مگر جب وہ تھوڑی دور پہنچی تب بادل گرجنا شروع ہوگئے تھے ۔پھر یکدم ہی تیز بارش نے اُس کے رہے سہے اوسان بھی خطا کردیئے تھے ۔
اُس نے ایک نظر آسمان کو دیکھا اور پھر ہاتھوں میں پکڑے کُھسّے پیروں میں پہن لیئے۔ اُسے کہیں رُک جانا چاہیئے تھا مگر وہ پھر بھی بھاگتی رہی؛ ایسے جیسے اگر وہ رک گئی تو شاید دوبارہ کبھی باہر نہیں نکل سکے گی یا پھر دوبارہ کبھی کُھلی فضا میں سانس لینا بھی نصیب نہیں ہوگا۔ اُسے بھاگنا تھا؛ اور بھاگ کر بہت دور نکل جانا تھا۔ وہ بہت دور جانا چاہتی تھی جہاں اُس کا ماضی نہ رہے۔ جہاں اُس سے کوئی بھی اُس کے ماضی کے متعلق کچھ نہ پوچھے۔ ماضی؟ کیسا ماضی؟ کیا تھا اُس کے ماضی میں ایسا جس سے وہ بھاگ رہی تھی؟
یا اللہ! ابھی وہ بھاگ رہی تھی کہ راستے میں پڑی کسی پتھر پر پیر رکھتے ہی منہ کے بل زمین پر آگری اور ساتھ ہی منہ سے دلخراش چیخ نکلی۔ وہ اوندھے منہ گری رونے لگی اور پھر اٹھنے کی کوشش کرنے لگی۔ لیکن بارش کی وجہ سے وہاں پھسلن ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ جو اٹھ رہی تھی دوبارہ گری اور پھر یوں ہی پڑے وہ رونے لگی
میرے ساتھ ہی کیوں ہوا ایسا یا میرے اللہ؟ وہ روتے ہوئے شکوہ کرنے لگی اور پھر وہ لنگڑاتے ہوئے اٹھنے کی کوشش کرنے لگی۔ گرنے کی وجہ سے اس کے گھٹنوں پر زخم آئے تھے اور پاؤں کے انگوٹھے بھی چھیل گئے تھے؛ جہاں سے اب خون نکلنا شروع ہوگیا تھا اور پھر وہ بیٹھ کر اپنے گیلے دوپٹے کو پاؤں کی انگوٹھی پر باری باری رکھنے لگی تھی تاکہ خون رک سکے۔
بھاگ جاؤ بیٹی۔ بہت دور نکل جاؤ۔ پیچھے مڑ کر کبھی مت دیکھنا۔ ایسی جگہ نکل جانا جہاں یہ لوگ تم تک کبھی نہ پہنچ سکے. بھاگو! ابھی وہ اپنے پیروں کو پکڑے بیٹھی تھی کہ اس کے کانوں میں وہی مرادنہ آواز گونجی۔ خوف سے ٹھنڈا پڑتا وجود اور سرخی مائل ہونٹوں کی خوبصورتی جوکہ اب نیلاہٹ میں بدل رہی تھی؛ تیز بارش اور ہوا اس کے حوصلے مزید پست کیئے جارہی تھی۔
کچھ دیر وہ یونہی کرتی رہی۔ ڈر اور خوف کی وجہ سے وہ بار بار پیچھے کی جانب راستے کو بھی دیکھ رہی تھی۔ جب وہ گھر سے نکلی تھی تب رات کے ایک بج رہے تھے؛ اور اب ناجانے اسے بھاگتے ہوئے کتنا وقت گزر چکا تھا؟
وہ اب سامنے کی جانب دیکھ رہی تھی جہاں سے اسے سڑک نظر آرہی تھی مگر بارش اتنی تیز تھی کہ اس کی نظر بھی دھندلاہٹ کا شکار ہو رہی تھی۔ گھر؟ کیا وہ گھر سے بھاگ نکلی تھی؟ یا پھر کسی قید خانے سے؟ وہ بھاگ کیوں رہی تھی؟اسے بھاگ جانے کو کیوں کہا گیا تھا؟ اور کیا وجہ تھی ؟ یہ ابھی ایک معمہ تھا۔
وہ بہت دور نکل آئی تھی۔ وہ اس وقت کہاں تھی؟ کچھ خبر نہیں تھی مگر اس وقت وہ کسی گھر کے شیڈ کے نیچے تھی، بارش کا زور اب تھم چکا تھا مگر پھر بھی بادل برس رہے تھے۔ وہ ایک ہی جست میں کھڑی ہوئی ۔ زخمی پیروں پر جب جسم کا دباؤ پڑا تو ہونٹوں کو سختی سے بھینچے اپنے پیروں میں اٹھتے درد کو برداشت کرنے لگی۔ وہ لڑکھڑائی، ہاتھوں میں لرزش واضح تھی مگر پھر بھی اس نے دوپٹے کو اپنے اردگرد اچھے سے پھیلایا اور ایک بار پھر سے بھاگنے لگی ۔
اب کی بار رفتار پہلے کی نسبت بہت کم تھی کیونکہ وہ لنگڑا کر بھاگ رہی تھی اور دوسرا بھوک کی وجہ سے بھی وہ نڈھال ہورہی تھی مگر اس نے ہمت نہیں ہارنی تھی۔ کچھ بھی کرکےا سے وہاں سے آج کی رات بہت دور جانا تھا۔
ابھی وہ بھاگ رہی تھی کہ سامنے سے آتی گاڑی کو نہ دیکھ سکی اور اس سے پہلے وہ کچھ سمجھتی گاڑی اسے ہِٹ کرتی رک گئی تھی اور پھر وہ ہوش و حواس سے بیگانہ ہوتی وہی گر گئی جبکہ گاڑی سے کوئی اتر کر اس کی جانب اب بڑھ رہا تھا۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*********************************************
سر آج تو لگتا ہے کہ بارش ضرور ہوگی۔ تیس سالہ جوان مرد اپنے باس سے مخاطب تھا
بارش ہوگی نہیں، بارش شروع ہوچکی ہے۔ اس کی بات کے جواب میں اس کے باس نے کہا
تو پھر سر آپ فارم ہاؤس چلیں گے؟ میں کال کرکے ملازموں کو انفارم کردیتا ہوں۔وہ اس کے بات کر انتظار میں کھڑا اس کی جانب دیکھ رہا تھا
ہاں وہی جاؤں گا۔ بچے تو ویسے بھی اپنے ننھیال گئے ہوئے ہیں ۔ اس نے کہہ کر دوبارہ سے کچھ فائلوں کو دیکھنا شروع کیا تو وہ بھی سر ہلاتا فون کرنے لگا
آفس میں دیر تک کام کرنے کی وجہ سے اب اس کے سر میں ہلکا ہلکا درد اٹھنے لگا تھا۔اس نے سائیڈ پر پڑے گلاس سے پانی پیا اور پھر فائلز کو بند کرکے وہ ماتھے کو دو انگلیوں سے مسلتا ہوا آنکھیں بند کرگیا تھا۔ سر کو کرسی کی پشت سے لگائےوہ ناجانے کن سوچوں کے سفر پر چل پڑا تھا مگر پھر اسی سفر کے دوران اسے بچوں کے کھلکھلاہٹ سنائی دیں۔ جس کی وجہ سے اس کے ہونٹ دھیرے سے مسکراہٹ میں ڈھلے۔
سر گاڑی تیار ہے۔ چلیں؟ ابھی وہ خوابوں کی دنیا میں محوِ سفر تھا کہ اس کے پی-اے کی آواز نے اسے ہوش کی دنیا میں واپس لا پٹخا
ہممم۔ ہاں چلو۔ وہ اٹھا ، اپنے کپڑوں کو ہاتھ سے جھاڑا۔ اپنے کپڑوں کی جانب دیکھا جہاں لاتعداد شکنیں کسی جال کی طرح محسوس ہورہی تھیں جنھیں وہ ایک نظر دیکھ کر نظر انداز کرتا، اپنے کندھوں پر اپنی گرم شال اوڑھے آفس سے اب باہر نکل رہا تھا۔ اس کے ساتھ اس کا پی-اے بھی تھا اور ڈرائیور بھی جو اس کے حکم کا منتظر وہی کھڑا تھا
اس کی عادت تھی کہ وہ گاڑی کا دروازہ خود کھولتا تھا۔ اب بھی وہ خود ہی گاڑی کے دروازے کی جانب بڑھا اور پھر اندر بیٹھ گیا تو اس کے ساتھ اس کا پی-اے بھی آگے پیسنجر سیٹ پر بیٹھا اور ڈرائیور نے بھی اپنی سیٹ سنبھال لی۔
سر کے فارم ہاؤس چلو۔ وہاج (پی-اے) نے ڈرائیور سے کہا
ڈرائیور نے محض سر ہلانے پر اکتفاء کیا اور پھر وہ لوگ اس کے فارم ہاؤس کے راستے پر گامزن تھے۔گاڑی میں تین لوگوں کی موجودگی میں بھی گہری خاموشی چھائی ہوئی تھی۔ بارش کی بوندیں گاڑی کے شیشے سے ٹکراتی ماحول میں ارتعاش پیدا کر رہی تھی مگر گاڑی کے اندر کا ماحول بھی باہر کے ماحول کی طرح سرد تھا ۔
گاڑی کے سامنے کوئی وجود آگیا تھا۔ بارش کی وجہ سے سڑک پر ہائی پھسلن کی وجہ سے بروقت بریک نہ لگی اوراس کو ٹکر ماردی ۔ اچانک گاڑی کو بریک لگی اور پھر اس نے ڈرائیور اور وہاج کو ایک دوسرے کی جانب دیکھتے ہوئے پایا
کیا ہوا؟! رُک کیوں گئے ہو؟ اس نے دونوں کی جانب دیکھتے ہوئے سوال کیا
سر لگتا ہے کوئی گاڑی کے سامنے آگیا ہے۔ وہاج نے پیچھے مڑ کر اس کی جانب دیکھ کر پوچھا
جاؤ دیکھو کون ہے؟ وہ اسے حکم دیتا دوبارہ سے پیچھے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا تو وہ بھی اس کا حکم سن کر چھتری اٹھائے گاڑی سے باہر نکل گیا
جب وہ گاڑی کے سامنے آیا تو دیکھا ایک نسوانی وجود زمین پر موجود تھا۔ اس نے ادھر ادھر دیکھا اور پھر پنجوں کے بل زمین پر اس کے نزدیک بیٹھا دیکھ رہا تھا اور پھر اسے پکارنے لگا
کیا آپ مجھے سن سکتی ہیں؟ ہیلو! وہاج اسے آوازیں دے رہا تھا مگر سامنے والا بےہوش تھا، آواز کیسے سنائی دیتی؟
وہاج واپس گاڑی کی طرف بڑھا اور پھر اس نے شیشہ کھٹکھٹایا اور پھر اسے اپنے باس کا چہرہ دیکھائی دیا جس کے چہرے پر کچھ فکرمندی واضح طور پر نظر آرہی تھی
سر وہ کوئی لڑکی ہے، شاید گاڑی کی ٹکر سے بے ہوش ہوچکی ہے۔ اب کیا کریں؟ وہاج اس کے چہرے کی جانب دیکھ کر پوچھنے لگا
ناٹ آگین! یہ کہہ کر وہ ایک گہرا سانس بھرتا خود بھی اب گاڑی سے باہر نکل آیا تھا ، بارش اب تھم چکی تھی اس لیئے وہاج بھی چھتری بند کرتا اس کے پیچھے چلنے لگا
وو اس کے قریب آکر کھڑا ہوگیا اور پھر زمین پر ایک گھٹنا ٹکائے اس کے چہرے کی جانب اپنا ہاتھ بڑھا گیا اور پھر اس کی ناک کے قریب اپنی دونوں انگلیاں رکھی۔ جہاں اسے سانس کافی دھیمی محسوس ہوئی مگر اس کا نبض کافی تیز رفتاری سے حرکت کر رہا تھا ۔اس نے اپنے کندھوں سے شال اتارتے ہوئے اسے اوڑھا دیا اور پھر خود ہی اسے اپنے مضبوط حصار میں اٹھاتا ہوا گاڑی کی جانب بڑھنے لگا۔ اس کے پیچھے حیران نظروں سے وہاج اور ڈرائیور بھی چل دیئے۔
وہ اسے گاڑی میں اپنے نزدیک بیٹھاتا ایک بازو اس کے کندھوں سے گزار کر اپنے حصار میں کچھ اس طرح لے چکا تھا کہ اس کا سر اس کے کندھے پر تھا اور دوسرا ہاتھ اس نے مٹھی کی شکل بنائے اپنے ہونٹوں پر رکھ لیا تھا۔ جبکہ گاڑی ایک بار پھر اپنے سفر پر روانہ ہوگئی تھی۔
اس بات کا ذکر کہیں نہیں ہونا چاہیئے ۔ اس نے باہر کی جانب دیکھتے ہوئے ہی حکم دیا
لیکن اس کی تو طبیعت بھی ٹھیک نہیں ہے ۔ پتہ نہیں کون ہے؟ اور اتنی رات کو ناجانے کہاں سے بھاگ کر آئی ہے؟ ہمیں کیا پتہ؟ ہمیں پہلے اسے ہوش میں بھی تو لانا ہے نہ ۔ وہاج کے لہجے میں فکر گھلا ہوا تھا اس لیئے وہ اس وقت بھی اتنے سوال کر رہا تھا
یہ کون ہیں؟ کہاں سے آئی ہیں؟ کیا کرتی ہیں؟ یہ میرا مسئلہ نہیں ہے۔ فلحال ایک انسان ہونے کے ناطے ہمیں ان کا خیال رکھنا ہے۔ پیچھے بیٹھے اس کے باس نے درشت لہجے میں کہا
لیکن۔۔۔
لیکن ویکن کچھ نہیں۔ یہ ہمارے ساتھ فارم ہاؤس ہی چل رہی ہیں اور صبح دیکھیں گے کیا کرنا ہے؟ ابھی وہاج کچھ کہتا کہ اس کی بات کاٹ کر دو ٹوک جواب دیا گیا تو وہ بھی مزید کچھ کہے خاموشی سے سامنے دیکھنے لگا اور کچھ ہی دیر میں وہ لوگ فارم ہاؤس پہنچ گئے تھے۔
اس نے اپنے ایک ملازمہ کو آواز دی اور گیسٹ روم جلدی سے ٹھیک کرنے کو کہا۔ تقریباً دس منٹ بعد ہی وہ باہر آگئی تو وہ گاڑی کی جانب بڑھا اور اس وجود کو اپنے باہوں میں بھرتا اندر کی جانب بڑھنے لگا اور پھر گیسٹ روم میں لاکر بیڈ پر لیٹا دیا اور خود کمرے سے باہر کی جانب بڑھ گیا
ارم ۔ یہ ہماری مہمان ہیں۔ آپ نے ان کا بہت خیال رکھنا ہے۔ پہلے تو آپ ان کے کپڑے وغیرہ تبدیل کروائیں۔ اور پھر کچھ گرم کھلانے پلانے کی کوشش کریں۔ بارش میں بھیگنے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوچکی ہیں۔ مجھے کل صبح تک یہ ہوش میں چاہیئے ہیں۔ وہ یہ کہہ کر فارم ہاؤس میں بنے دوسرے کمرے کی جانب بڑھ گیا تو وہ بھی جلدی سے گیسٹ روم کی جانب بڑھ گئی جہاں وہ وجود اب تیز تیز سانس لے رہا تھا مگر پھر وہ وجود دھیما پڑا۔ کچھ دیر بعد ارم نے اس کے کپڑے تبدیل کردیئے تھے۔ اب وہ اس کے لیئے یخنی بنا کر لائی تھی۔ اور اسے پلانے کی کوشش کر رہی تھی۔
*********************************************************
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــتو تم ہووہ جوان جو میری بیٹی سے شادی کرنا چاہتا ہے۔ پچاس سالہ شخص اپنے سامنے بیٹھے اٹھائیس سالہ نوجوان سے مخاطب تھا
انکل! میں یہ واضح کرتا چلوں کہ آپ کی بیٹی مجھ سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔ میری زندگی میں میری بہن کے علاوہ کوئی نہیں ہے۔ میری بہن چونکہ شادی شدہ ہیں اور دوسرے شہر رہتی ہیں اس لیئے وہ ابھی نہیں آسکیں مگر اگلی دفعہ وہ خود آئیں گیں۔ وہ نوجوان اپنے لہجے سے انھیں بہت کچھ باور کرواتا اب خاموش ہوچکا تھا
تو اس سے کیا فرق پڑتا ہے برخوردار؟ وہ تم سے شادی کرنا چاہے یا پھر تم اس سے شادی کرو۔ ایک ہی تو بات ہے۔ وہ لہجے کو ہشاش بشاش بنائے اس سے کہنے لگے
بہت فرق ہے انکل! میں آپ کی بیٹی کے خواہش کا احترام کرتے ہوئے آج یہاں موجود ہوں۔ آپ کی بیٹی نے مجھے چنا ہے ورنہ میں کہاں اور آپ لوگ کہاں؟ وہ نوجوان حقیقت پسندانہ نظریات رکھتا تھا اس لیئے اب بھی دو ٹوک بات کر رہا تھا
لیکن اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ تم میری بیٹی کو وہ تمام آسائشیں فراہم کروگے جو میں دے رہا ہوں؟ وہ اس کے جواب سے اچھے خاصے ایمپریس ہوگئے تھے لیکن پھر بھی وہ اسے اپنے سوالوں میں الجھا رہے تھے۔
وہ اب گہری نظروں سے اس کا معائنہ کرنے میں مصروف تھے اور اس کے چہرے کو بغور دیکھ رہے تھے جہاں ان کے سوال کے بعد ہلکی پریشانی آگئی تھی
میں آپ کی بیٹی کو وہ تمام آسائشیں تو فراہم نہیں کرسکتا جو آپ نے دی ہیں مگر یہ وعدہ ضرور کر سکتا ہوں کہ وہ خوش رہیں گی۔ مضبوط لہجہ؛ جہاں چہرے پر پہلے ہلکی پریشانی نظر آرہی تھی وہاں اب دوبارہ کانفیڈنس آگئی تھی
اس کا ایک حل ہے۔ انھوں نے سگار منہ میں دوبارہ ڈالتے ہوئے کہا
کیسا حل؟ وہ اب کی بار ان کے چہرے کو بغور دیکھ رہا تھا؛ اس کا رواں رواں کان بنا ان کے جواب کا منتظر تھا
میں تمھیں اپنی بیٹی تب ہی دوں گا تب جب تم میری بات مانوگے۔
وہ کہہ کر اس کے چہرے کے اتار چڑھاؤ دیکھنے لگے اور پھر ایک گہرا کش بھرتے ہوئے دھواں ہوا کے سپرد کردیا گیا
مجھے آپ کی اسی بات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میں۔۔۔۔۔
تو پھر میری بیٹی کو بھی بھول جاؤ۔ ابھی وہ بات مکمل کرتا کہ انھوں نے بھی جھٹ سے اپنا فیصلہ سنایا
یہ بات آپ اپنی بیٹی کو سمجھائیں تو بہتر ہوگا۔ چلتا ہوں۔ یہ کہہ کر وہ وہاں سے نکلتا چلا گیا جبکہ پیچھے وہ پرسوچ نظروں سے اس کی پیٹھ کو دیکھ رہے تھے اور پھر وہ دروازے کے پار ہوتا ان کی نگاہوں سے اوجھل ہوگیا تھا
وہ اسٹڈی روم سے باہر آیا تو اس نے اس دیوانی کو اپنی جانب نم آنکھوں سے تکتا ہوا پایا
آئی ایم سوری۔ یہ کہہ کر وہ ابھی آگے بڑھنے لگا تھا کہ اسے اپنے بازو پر کھینچاؤ محسوس ہوا
پلیز ڈیڈ کی بات مان جاؤ۔ وہ اس کے بازو کو پکڑ کر ہلاتی ہوئی اس سے التجاء کر رہی تھی
میں اپنے اصول کسی کے لیئے نہیں توڑ سکتا۔ یہ بات تم جانتی ہو ۔ اس نے سرد لہجے میں کہہ کر اپنا بازو اس کے ہاتھ سے آہستہ سے آزاد کروایا۔ لہجہ جتنا سرد تھا، لمس اتنا ہی نرم
پلیز میرے لیئے مان جاؤ۔ میں تمھارے بنا نہیں رہ سکتی پلیز۔ وہ اب اس کا گریبان تھامے روتے ہوئے کہہ رہی تھی
خود کو سنبھالو ۔ یہ وقت جذبات سے کام لینے کا نہیں ہے۔ میرا پہلے جو جواب تھا اب بھی وہی ہے۔ باقی اب میں جارہا ہوں۔ امید ہے ہم آئیندہ نہیں ملیں گے۔ اللہ حافظ ۔ یہ کہہ کر اس نے اپنا گریبان اس کے ہاتھوں سے آزاد کروایا اور وہاں سے نکلتا چلا گیا جبکہ وہ دیوانوں کی طرح ننگے سر اور پیر اس کے پیچھے بھاگنے لگی
رُک جاؤ۔ پلیز مت جاؤ۔۔۔۔ میں۔۔۔۔ محبت کرتی ہوں تم سے۔ پلیز۔۔۔۔ وہ دیوانوں کی طرح اسے پکار رہی تھی مگر اس نے اسے پلٹ کر بھی نہیں دیکھا تھا
ڈیڈ۔۔۔۔ڈیڈ اسے کہیں نہ کہ وہ رک جائے۔۔۔۔۔ ڈیڈ۔۔۔۔ اسے روکے نہ۔۔۔۔۔۔
ڈیڈڈڈڈڈ۔۔۔ اس کی آوازیں سن کر اس کے ڈیڈ بھی سٹڈی روم سے باہر آگئے تھے تو وہ ان کی جانب بڑھتی اس سے روتے ہوئے کہہ رہی تھی اور پھر وہ ان کے بازوؤں میں ہی جھول گئی تھی
وہ صرف تمھارا ہوگا میرے بیٹے۔ وہ پرعزم لہجے میں کہتے ہوئے اسے نزدیک پڑے ہوئے صوفے پر لیٹا گئے اور خود پھر ڈاکٹر کو کال کرکے گھر بلانے لگے
************************************************************ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
آج رات اسے یہ فائل مکمل کرنی تھی۔ اس لیئے وہ رات دیر تک بیٹھنے کا ارادہ کیئے اس پر کام کرنے میں مصروف تھا مگر کچھ فاصلے پر ہی ہائی پروفائل پارٹی اپنے پورے جوبن پر جاری تھی۔
تیز بے ہنگم میوزک اس کے کام میں خلل ڈال رہا تھا۔ اس نے بار بار اپنا فوکس اس طرف سے ہٹانے کی کوشش کرتا رہا لیکن ناکام رہا تھا۔غصے کی ایک تیز لہر اس کے وجود میں دوڑی اور وہ اپنا کام بند کرتا، پاؤں میں چپل اڑستا باہر کی جانب نکل گیا۔
وہ تیز تیز قدم اٹھاتا اس فارم ہاؤس کی جانب بڑھ گیا جہاں پارٹی چل رہی تھی۔ وہ ڈی-جے کی جانب تیزی سے بڑھا اور ہاتھ مار کر اس کا میوزک سسٹم گرا دیا۔
میوزک یکدم رکا تو سب ہی اس طرف دیکھنے لگے۔ نشے کی حالت میں چُور وہ سب جھولتے ہوئے اور کچھ جھنجھلاہٹ سے اس کی جانب دیکھ رہے تھے
یہ تم نے کیوں بند کروایا؟ تم جانتے بھی ہو تم کس کی پارٹی میں آئے ہو؟ اچانک ایک نسوانی آواز نے اس کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی
تقریباً بائیس سالہ جوان لڑکی ، جوکہ اس وقت بلیک سلیو لیس میکسی پہنے، جس کا گلا گہرا اور نیچے سے گھنٹے سے ذرا اوپر تک کٹ تھا۔بالوں دونوں کندھوں پر بکھرے پڑے تھےاور ہاتھ میں فلیورڈ سیگریٹ پکڑے وہ کسی کا بھی ایمان بآسانی ڈگمگانے کی صلاحیت رکھتی تھی۔
ہاں میں یہاں موجود جانوروں کی ایک پارٹی میں آگیا ہوں جہاں حیوان ایک دوسرے پر چڑھ دوڑ رہے ہیں مگر فضول قسم کے میوزک کی وجہ سے اپنے اردگرد موجود لوگوں کے بھی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ وہ سنجیدگی سے کہہ رہا تھا جبکہ اس کا جواب سن کر اس لڑکی کا چہرہ لال بھبھوکا ہوگیا تھا جبکہ ایک نظر اس پر ڈالےوہ اپنی نظریں گھما کر رہ گیا تھا۔
ہے یو باسٹرڈ۔ جانور کس کو کہا تم نے؟ اس نے گالی دی اور پھر اس کا گریبان پکڑ کر پوچھنے لگی
مہیار نے جب گالی سنی تو اس نے غصے سے اس کے بازو اتنے زور سے پکڑے کہ اسے اپنے بازو ٹوٹتے ہوئے محسوس ہوئے تھے۔
خبردار جو آئیندہ گالی دی تم نے مجھے۔ میں تمھاری عورت ہونے کا لحاظ کیئے بغیر ہی زبان کاٹ کر کتوں کو کھلا دوں گا۔ سمجھی تم؟ مہیار نے پر تپش لہجے میں کہتے ہوئے بات کے آخر میں اسے زور سے جھٹکا دیا جس کی وجہ سے وہ لڑکھڑا کر پیچھے کی جانب گر گئی
یو۔۔۔۔۔
اب اگر گالی دی تو میں وہ کر گزروں گا جو تم سوچ بھی نہیں سکتی۔ ابھی وہ اٹھ کر دوبارہ گالی دیتی کہ اس نے جھک کر اس کا جبڑا زور سے پکڑا اور اتنے ہی زور سے جھٹکا دیا اور پھر بنا کوئی بات سنے وہاں سے چلا گیا۔
تمھیں تو میں دیکھ لوں گی۔ نایاب پرعزم لہجے میں کہتی دوستوں کی مدد سے اٹھنے لگی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے پارٹی ختم ہوگئی تھی۔ ظاہر ہے اب تماشے کے بعد کیا بچ گیا تھا؟
یہ نایاب ابراہیم اور مہیار علوی کی پہلی ملاقات تھی۔ جس میں دونوں ہی ایک دوسرے کے دشمن بن گئے تھے۔
نایاب ابراہیم مشہور سیاستدان ابراہیم مبین کی اکلوتی بیٹی تھی۔ پیدائش کے وقت اس کی ماں کا انتقال ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ابراہیم مبین نے اسے بہت نازو سے پالا تھا۔ وہ جس چیز پر ہاتھ رکھتی؛ وہی چیز اس کے کمرے میں سجائی جاتی تھی۔ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی کافی ضدی بن گئی تھی۔ چھٹیوں میں دوستوں کے ساتھ باہر ممالک سیر کرنے کے لیئے چلی جاتی تھی توکبھی رات گئے تک پارٹی کرنا اس کا پسندیدہ مشغلہ تھا۔
بائیس سالہ نایاب کو فیشن ڈیزائنر بننے کا شوق تھا۔اس لیئے وہ فیشن ڈیزائننگ کا کورس مکمل کر رہی تھی اور ساتھ ساتھ مختلف قسم کے پراجیکٹس میں بھی حصہ لیتی تھی۔جبکہ چھبیس سالہ مہیار علوی گورنمنٹ جاب کرتا تھا۔ اپنی محنت کے بل بوتے پر وہ سترہ گریڈ کا افسر تھا۔ بنگلہ؛ گاڑی اس کےپاس تھا۔ اس کی ایک ہی بہن تھی جو شادی شدہ تھی اور دوسرے شہر رہتی تھی۔ وہ یہاں اکیلا تھا اور گھر کے کاموں کے لیئے ایک ادھیڑ عمر ملازمہ تھی۔
دونوں ایک ہی سوسائٹی میں رہتے تھے اور اس بات سے دونوں انجان تھے۔ اب آگے جاکر قسمت نے ان کے ساتھ کیا کھیل کھیلنا تھا؟ اس بات سے بھی تو دونوں انجان تھے۔
**************************************************************ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
پا۔۔۔۔پانی۔۔۔ دھیرے دھیرے ہوش میں آتی وہ لڑکی پانی مانگنے لگی۔ اسے لگا جیسے گلے میں کانٹے اگ آئے ہیں۔
ارم جو اس کے ساتھ ہی تھی؛ فوراً گلاس میں پانی بھر کر اس کے منہ سے لگا گئی۔ نقاہت کی وجہ سے اس سے پانی بھی سہی سے پیا نہیں جارہا تھا جبھی ارم اسے پانی خود پلانے لگی
وہ پانی پی کر دوبارہ سر تکیہ پر رکھ گئی اور پھر اپنی آنکھیں کھولنے کی کوشش کرنے لگی لیکن آنکھیں ایسے بند تھیں جیسے منوں بوجھ ان پر آگرا ہو۔
اس کو آنکھیں کھولنے کی کوشش کرتا ہوا دیکھ کر ارم باہر چلی گئی اور سامنے ناشتے میں مصروف اس کی جانب بڑھ گئی
سر وہ لڑکی ہوش میں آرہی ہے۔ ابھی وہ ناشتہ کر رہا تھا کہ رات والی ملازمہ ارم نے اسے دیکھتے ہوئے کہا
ٹھیک ہے۔ وہ ناشتے سے ہاتھ روک کر اس کی بات سننے لگا اور پھر سر ہلا کر کہتا پھر سے ناشتے کی جانب متوجہ ہوگیا تھا
پندرہ منٹ بعد وہ گیسٹ روم کی جانب بڑھ گیا۔ جہاں وہ رات والی لڑکی چت لیٹی چھت کو انجان نظروں سے گھور رہی تھی
کیسی ہیں؟ وہ قریب ہی کرسی رکھ کر اس سے پوچھنے لگا؛ انداز اتنا سادہ اور نرم تھا کہ بے اختیار ہی وہ اسے دیکھے گئی
ٹھ۔۔ ٹھیک۔ وہ بنا پلکیں جھپکائے اس کے چہرے کی جانب دیکھ کر ایک لفظی جواب دے گئی
ہمم۔ رات کو ہماری گاڑی کی ٹکر سے آپ بےہوش ہوگئی تھیں۔ کوئی اور مناسب جگہ نہیں تھی اس لیئے میں آپ کو اپنے فارم ہاؤس لے آیا ہوں۔ وہ تفصیل سے کہتا ہوا اس کے چہرے کے فق ہوئے رنگوں کو دیکھنے لگا
فارم ۔۔۔۔۔ ہاؤس؟ سرگوشی نما اس کے ہونٹوں سے نکلا
جی آپ میرے فارم ہاؤس پر ہیں اس وقت۔ مجھے بتائیں آپ کے گھر والے کہاں ہیں؟ تاکہ میں آپ کو بحفاظت گھر پہنچا سکوں۔ وہ جتنے آرام سے کہہ رہا تھا، اتے ہی زوردار دھماکے اسے اپنے آس پاس ہوتے محسوس ہوئے
گھر؟ گھر والے؟ وہ بے یقینی کی کیفیت میں گھری کتنی ہی دیر اس کے چہرے کو دیکھ رہی تھی
اپنا نام بتائیں۔ وہ خاصے دوستانہ لیجے میں اس سے پوچھ رہا تھا مگر پھر بھی سامنے موجود لڑکی اس کے سوالوں سے بے آرام ہوتی محسوس ہور ہی تھی
مہک۔ وہ دھیمے لہجے میں کہتے ہوئے آنکھیں سختی سے بند کرگئی
اوکے۔ کہاں رہتی ہیں آپ؟ جواب کے بدلے ایک اور سوال پھر سے حاضر تھا
میر۔۔۔۔میرا کوئی۔۔۔۔گھر۔۔۔۔نہیں ہے۔ وہ اب کی بار روتے ہوئے کہنے لگی جبکہ گلا اتنی سی بات پر بھی سوکھ گیا تھا
آپ ریسٹ کریں۔ پھر بات کرتے ہیں۔ وہ اس کا سر ہلکا سا تھپک کر کہتا وہاں سے جانے لگا
آپ۔۔۔ آپ کا نام؟ وہ اس کے لمس کو محسوس کرتی اپنے آنسو روک گئی اور پھر کچھ گھبرا کر پوچھتی اسے دیکھنے لگی
پھر کبھی سہی۔ دو ٹوک جواب دے کر وہ کمرے سے نکلتا چلا گیا اور پیچھے وہ سوچوں کے بھنور میں پھنستی آگے کا لائحہ عمل طے کرنے لگی
اب زندگی نے مہک کو کہاں لے کر جانا تھا؟ اس کی زندگی میں کون سے نئے موڑ آنے والے تھے؟ اس نے، کہاں پر اور کتنا اور کیا کچھ جھیلنا تھا؟ یہ تو آنے والے وقت نے بتانا تھا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
**********************************************************
دیکھ یہ بات اب سیدھا حملہ ہے میرے دل پر
تو کچھ بھی کہہ لیتا؛ مجھے سب جیسا نہیں کہنا تھا
وہ لڑائی کی بات کو جدائی تک لے آیا تو کہنے لگا
میرا مطلب کچھ اور تھا، مجھے ایسا نہیں کہنا تھا
وہ کتنی ہی دیر خاموش بیٹھا تھا۔ یہ خاموشی پہلے بھی اس کے ساتھ تھی مگر پہلے سب ایسا تو نہیں تھا۔ وہ تو خوش رہتا تھا۔ خوش رہنے کی کوشش کرتا تھا۔ اپنے ساتھ موجود لوگوں کو بھی خوش رکھنے کی کوشش کرتا تھا۔ مگر ان سب میں اس کی اپنی ذات کہاں رہ گئی تھی؟ کیا وہ بُھلایا گیا تھا؟ کیا وہ قابلِ محبت نہیں رہا تھا؟
ڈیڈ ۔ ابھی وہ بیٹھ کر خود سے سوال جواب کر رہا تھا کہ اسے اپنی بیٹی کی آواز آئی
یس ڈیڈ کی جان۔ آگئے میرے بچے؟ وہ لہجے کو ہشاش بشاش بناتااپنی بیٹی کو گود میں اٹھانے لگا اور پھر سامنے سے آتے ہوئے اپنے بیٹے کے لیئے اپنا بازو و کیا تو وہ بھی اس کے سینے سے آلگا
کیسا رہا نانو کے گھر ٹرپ؟ وہ دونوں بچوں کو بار ی باری چومتا ان سے اب پوچھ رہا تھا
ڈیڈ ۔ ہمیشہ کی طرح بورنگ۔ اس کے بیٹے نے منہ بناتے ہوئے جواب دیا
کیوں؟ مام آپ کو باہر نہیں لے کر گئیں تھیں کیا؟ وہ اس کے چہرے کی جانب دیکھ کر پوچھنے لگا جو اب اتر چکا تھا
ڈیڈ۔ مام ہمیشہ ہمیں وہاں میڈ کے حوالے کرتی ہیں اور خود پارٹیز میں چلی جاتی ہیں۔ ہم آئیندہ وہاں نہیں جائیں گے۔ اس کا بیٹا اس کی گود سے اترتے ہوئے کہہ رہا تھا
یس ڈیڈ۔ اب ہم وہاں نہیں جائیں گے۔ اس کی بیٹی بھی اپنے بھائی کی دیکھا دیکھی اس سے کہنے لگی اور پھر وہ بھی گود سے اتر کر اپنے بھائی کا ہاتھ پکڑا اور وہاں سے اپنے کمرے کی طرف چل دیئے
ابھی وہ کچھ کہتا کہ سامنے لاؤنج کے دروازے سے اپنی بیوی اندر آتی دیکھائی دی۔ چونتیس سال کی عمر میں بھی وہ اپنی عمر سے کم نظر آتی تھی۔ اپنے آپ میں مگن، فون ہاتھ میں پکڑے وہ اندر آرہی تھی۔ لگتا ہی نہیں تھا کہ وہ شادی شدہ ہے اور دو بچوں کی ماں ہے۔
کیسی ہوجانم؟ وہ مسکرا کر اپنی بیوی سے پوچھ رہا تھا
ٹھیک ہوں۔ تم بتاؤ۔ وہ اسے ایک نظر دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی
تم اور بچے آگئے ہیں تو اب میں بھی ٹھیک ہوں۔ وہ اس کے گلے لگتا کہنے لگا؛ اس کا موڈ اور لہجہ خوشگوار ہوگیا تھا۔ وہ اپنے پورے وجود میں تروتازگی محسوس کر رہا تھا۔
ا چھا ٹھیک ہے۔ بچوں کے ذکر پر اس کے لہجے میں کڑواہٹ گھل گئی تھی۔ وہ جو اس کے گلے لگی اس کے کندھے پر اپنے ہونٹ رکھنے لگی تھی، بچوں کا سن کر وہ اس کا حصار توڑتی پیچھے ہوتی ہوئی کہنے لگی
اگلے ویک میں جارہی ہوں دوستوں کے ساتھ دبئی ٹرپ پہ۔ وہ اپنا فون دیکھتی ہوئی اس سے کہنے لگی
اور بچوں کا کیا ہوگا؟ وہ اب اس سے استفسار کرنے لگا
تم جانو اور تمھارے بچے جانیں! میں کہہ دیا کہ میں جارہی ہوں تو جارہی ہوں۔ وہ درشتگی سے کہتی ہوئی اس کے پہلو سے گزر کر جانے لگی
میرے بچے تمھارے کچھ نہیں ہیں کیا؟ وہ اسے بازو سے پکڑتا اس کا رخ اپنی جانب کرتا پوچھنے لگا؛ لہجہ اب بھی دھیما تھا مگر گرفت سخت تھی
تمھیں ہی بچوں کا شوق تھا۔ مجھے نہیں اس لیئے تم سنبھالو انھیں۔ وہ اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہتی ہوئی اس کے ہاتھ سے اپنا بازو چھڑواتی ہوئی نکلتی چلی گئی اور پیچھے وہ حق دق سا اس کی پیٹھ کو دیکھے گیا۔
**********************************************************
وہ اپنی گاڑی میں گھر سے نکلی۔ بنا ڈرائیور کو ساتھ لیئے وہ خود ہی ڈرائیو کرتی یونی کی طرف جارہی تھی ۔ راستے میں ادھر ادھر دیکھتے ہوئے اس کی نظر گاڑی دھوتے ہوئے شخص پر پڑی۔اسےایسے لگا کہ جیسے اس نے اس شخص کو کہیں دیکھا ہے۔ لیکن کہاں؟
وہ پہلے تو نظرانداز کرکے آگے جانا چاہ رہی تھی مگرتجسس کے ہاتھوں گاڑی روک کر اسے دیکھنے لگی ۔ دماغ پر زور ڈالا تو یاد آیا کہ یہ تو وہی ہے جس نے اس رات ان کی پارٹی میں آکر سارا مزہ خراب کردیا تھا۔
ہے یو۔ نایاب نے سامنے کھڑے مہیار کو دیکھ کر آواز دی اور پھر ہاتھ کے اشارے سے اسے بلانے لگی
وہ اسے مکمل نظرانداز کرتا اپنی گاڑی دھو رہا تھا۔ کانوں کو لپیٹ کر صرف اپنے ہاتھوں سے کام لے رہا تھا۔ اندر ہی اندر اپنے آپ کو داد دیتا بظاہر سنجیدگی سے گاڑی دھو رہا تھا ایسے جیسے اس سے زیادہ ضروری کام کوئی نہ ہو۔
تمھیں میری آواز سنائی نہیں دے رہی کیا؟ وہ اب اس کی گاڑی سےنکل کر ذرا فاصلے پر کھڑی غصے سے پوچھ رہی تھی
اس نے ان سنا کرکے پائپ اٹھا کر گاڑی پر پانی ڈالا جسے دیکھتے ہوئے وہ آنکھیں پھاڑے تیزی سے پیچھے کی جانب اپنے قدم لے لیئے۔ ورنہ وہ بھی گاڑی سمیت اچھی خاصی بھیگ جاتی۔
ہاؤ ڈیر یو؟ وہ تن فن کرتی اب اس کے نزدیک آگئی اور پائپ اس کے ہاتھ سے لے کر زور سے زمین پر پٹخ دی
میں تم سے بات کر رہی ہوں اور تم مجھے نظر انداز کر رہے ہو۔ وہ اب بھی خود ہی بول رہی تھی جس کے جواب میں وہ اسے دیکھنے کے بجائے اپنے کام میں مگن رہا
تم سے کہہ رہی ہوں۔سنائی نہیں دے رہا کیا؟ وہ اب اس کا چہرہ اپنی جانب خود ہی موڑتی ہوئی تیز لہجے میں پوچھنے لگی
جب تمھیں معلوم ہے کہ میں نے کوئی جواب نہیں دینا تو پھر بات ہی کیوں کر رہی ہو؟ اور ویسے بھی میں تم سے بات کیوں کروں؟ وہ نہایت مودبانہ انداز میں اس سے بات کر رہا تھا ، آہستہ سے اس کا ہاتھ اپنے ٹھوڑی سے ہٹاتا ایک قدم پیچھے ہوا۔ اس کے بات کے انداز میں پچھلی ملاقات کا شائبہ تک نہ تھا
تم نے اس رات اچھا نہیں کیا تھا مسٹر۔ اس کی بات کو نظر انداز کرکے اس نے پرانی بات کا حوالہ دیا
تم نے بھی گالی دے کر اچھا نہیں کیا تھا مس۔ وہ بھی دوبدو جواب دیتا دوبارہ سے اپنے کام میں مصروف ہوگیا
میں تو گالی دوں گی۔ کون روکے گا مجھے؟ وہ سینے پر بازو باندھتی اسے چیلنج کرتی نگاہوں سے دیکھنے لگی؛ لہجے میں غرور اب بول رہا تھا
قصور تمھارا نہیں، تمھاری بے جالاڈ اٹھائے جانے کا نتیجہ ہے یہ سب۔ میں تمھاری تربیت پر بات نہیں کروں گا کیونکہ کوئی بھی ماں باپ اپنی اولاد کو گالی نہیں سکھاتے۔جس طرح کے لوگوں میں تم بیٹھتی ہو، وہی کا سکھایا گیا ہے سب کچھ ۔ وہ اب کی بار تفصیل سے جواب دیتا اس کے جسم کو ایک ان دیکھی آگ میں جھونک گیا تھا
تم ہوتے کون ہو مجھے یہ سب کہنے والے؟ نایاب نے اُس کے قریب پڑی بالٹی کو لات مارتے ہوئے تقریباً چیختے ہوئے پوچھا
یہ جاہل عورتوں کی طرح چیخ کیوں رہی ہو؟ جاؤ یہاں سے اور دوبارہ یہاں کا رخ مت کرنا کبھی۔ اِل مینرڈ ! وہ اسے تنبیہ کرتی ہوئی نگاہوں سے دیکھتا ہوا کہنے لگا اور پھر اسے بازو سے پکڑ کر گھر سے باہر کھڑا کردیا اور پھر اس کے منہ پر ہی گھر کا دروازہ بند کرکے دوبارہ سے گاڑی دھونے لگا جبکہ اپنی اتنی عزت افزائی پر وہ محض دانت پیستے ہوئے رہ گئی۔
************************************************************
چنبیلی کے پھول اس کے اردگرد پڑے تھے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ سرخ گلاب بھی پڑے تھے۔ کچھ لڑکیاں ہنستے ہوئے اس کے بالوں میں پھول لگارہی تھیں تو کچھ اس کے ہاتھوں میں تازہ چنبیلی اور گلابوں سے بنے گجرے پہنا رہی تھیں ۔ وہ بھی ان سب کے ساتھ ہنس رہی تھی۔ اس کےبالوں کی لمبی چھٹیاں اس کے کمر پر لہرا رہی تھی۔ اس نے گہرے میرون رنگ کا فراک پہنا تھا۔ ابھی وہ سب کے ساتھ ہنس رہی تھی کہ کسی نے اچانک سے اس کے بال پیچھے گدی سے پکڑے اور اس کے سر کو پیچھے کی جانب جھٹکا دیا۔
جو آوازیں اسے سکون دے رہی تھی۔؛ وہ سب یکدم خاموش ہوگئیں۔ وہ جھٹکا لگنے کی وجہ سے اس کا چہرہ اوپر کی جانب ہوا اور پھر اسے اپنے پیٹ پر ایک کالا بھدا ہاتھ رینگتا ہوا محسوس ہوا۔ وہ جتنا اسے خود سے دور کرنے کی کوشش کرتی؛ وہ مزید اسے خود کے قریب کرتا۔
نہیں۔ نہیں۔ میرے قریب مت آؤ۔ ددد۔۔۔دور۔۔۔ دور رہو مجھ سے۔ وہ اسے خود سے دور کرنے کی جدوجہد کرتے ہوئے مسلسل کہہ رہی تھی
نہیں نہیں۔۔۔۔ دور رہو۔وہ کالا ہاتھ اب اس کے گرد ن تک پہنچ رہا تھا اور پھر کسی پھندے کی طرح اس کے گردن سے لپٹ گیا تھا
آہہہہہہہہ۔ وہ چیخ مارتی ہوئی اپنی آنکھیں کھول گئی۔ وہ خواب دیکھ رہی تھی مگر اتنا ڈراؤنا خواب؟ وہ پسینے سے شرابور ہوئی تھی اور اس کی سانس بہت زیادہ تیز تھی۔
وہ کتنے ہی لمحے نامانوس نظروں سے چھت کو دیکھ رہی تھی۔ گہرے گہرے سانس لیتی وہ خود کو کمپوز کرنے لگی۔
یا اللہ شکر! یہ خواب تھا۔ وہ خود پر آیت الکرسی پڑھ کر پھونکتی ہوئی اب شکر ادا کر رہی تھی اور سائیڈ ٹیبل پر پڑے جگ سے اس نے پانی نکال کر پیا اور دوبارہ کر لیٹ کر سونے کی کوشش کرنے لگی۔
اگلا دن کیا تحفہ لے کر آنے والا تھا؟ یہ تو کل ہی پتہ چلنا تھا۔۔۔۔
*********************************************
(جاری ہے)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ


Comments
Post a Comment