نقشِ بے صدا | Episode 02


        Episode 02 | نقشِ بے صدا  

 قسط نمبر 02؛

ٹکسالی گیٹ سے اندر جاتی تنگ، پیچیدہ گلیاں... صدیوں پرانی حویلیاں... لکڑی کی جھروکے دار بالکونیاں... شام ہوتے ہی روشن ہونے والی رنگین بتیاں... دور سے آتی طبلے اور گھنگھرو کی مدھم آوازیں... ماحول میں ایک الگ قسم کا سرور اور لطف پیدا کر رہی تھی۔ لیکن ہر ایک کے لیئے یہ جگہ سہی نہیں تھی۔ہر کوئی وہاں نہیں جا سکتا تھا کیونکہ یہ جگہ مشہور زمانہ 'ریشماں بائی' کا کوٹھا تھا۔ اگر یہ کہا جائے کہ وہاں کے دروازے ہر ایک کے لیئے نہیں کھلتے تھے تو کچھ غلط نہ تھا۔

زندگی جہاں ہر رات دم توڑتی محسوس ہوتی تھی لیکن ہر صبح نئی امید بھی لے کر آتی تھی۔ وہاں موجود زیادہ تر لڑکیاں یا تو خود آئی تھیں یا پھر لائی گئی تھیں۔ ان سب میں وہ بھی موجود تھی۔ جو وہاں کی کسی محفل کا حصہ نہیں بنتی تھی مگر پھر بھی وہ جگہ اس کی رہائش گاہ تھی۔ اس نے کبھی بھی کسی سے اپنے دل کی بات نہیں کہی اور کہتی بھی تو کسے؟ کون تھا وہاں جو اسے سنتا؟وہ تھی اور اس کی کتابیں تھیں۔ وہ پڑھ لکھ کر اپنے لیئے بلکہ وہاں کے لوگوں کے لیئے بھی کچھ کرنا چاہتی تھی مگر کیا قسمت اس پر مہربان ہوگی؟

سجنا ہے مجھے؛سجنا کے لیئے 

کمرے میں اس وقت، اس کے سوا کوئی موجود نہیں تھا۔ وہ خاموش نظروں سے سامنے آئینے میں نظر آتے اپنے عکس کو دیکھ کر ساتھ ساتھ گنگناتی ہوئی بالوں کو کنگھی کر رہی تھی ۔ اس کی آواز سُریلی تھی۔وہ مدھم سروں میں بات کرتی تھی۔

ارے کون سجنا؟ اور کس کے لیئے سجنا؟ میں بھی ناجانے کیسے کیسے گانے گا لیتی ہوں؟ وہ ہنس دی۔ مگر اس کی مسکراہٹ اس کی چمکدار آنکھوں تک نہ پہنچ سکی۔ چند لمحے وہ آئینے میں خود کو خاموشی سے دیکھتی رہی، پھر اپنے ہی سوالوں کو جھٹک کر وہاں سے چلی گئی۔

باہر آکر اس نے دیکھا صحن بلکل خاموش تھا۔ ایسے جیسے وہاں کسی ذی روح کا نام و نشان تک نہ تھا۔ اور ہوتا بھی کیسے؟ وہاں کی مالکن اپنے ساتھ کچھ لڑکیوں کو لے کر کسی دوسرے شہر گئی تھی۔ جس کی واپسی میں ابھی کچھ دن تھے۔ یہی تو وہ وقت ہوتا تھا اس کے پاس، جس میں وہ آرام سے اپنے لیئے کچھ نہ کچھ کر لیتی تھی۔ 

مگر اس دفعہ وہ لوگ جلد ہی واپس آگئے تھے۔ واپسی پر سب معنی خیز مسکراہٹ لیئے ایک دوسرے سے مخاطب تھے ۔ خیر اسے پہلے بھی ان سب میں دلچسپی نہیں تھی مگر اس دفعہ کی معنی خیز نظریں اسے اپنے جسم کے آرپار ہوتی محسوس ہوئیں۔مگر وہ پھر بھی نظرا نداز کرتی ماں کی جانب بڑھ گئی۔سے جیسے عادت تھی ایسی نظروں کی۔

کیسی ہے میری جان ؟ ریشماں بائی نے اس کی بلائیں لیتے ہوئے پوچھا

میں ٹھیک ہوں اماں۔ وہ عقیدت سے ان کے ہاتھ چومتے ہوئے کہنے لگی

کیسے رہے دن تمھارے ہمارے بغیر؟ وہ اس کے ماتھے کے بالوں کو اپنے ہاتھ سے پیچھے کرتے ہوئے پوچھنے لگیں 

ماں کے بغیر ہر منظر ادھورا ہوتا ہے اماں۔ وہ ان کے گلے لگتی کہنے لگی 

ارے میرے جھلی۔ میں تو یہیں تھیں۔ مجھے کال کرلیتی ۔ وہ اسے سینے سے لگائے تھپکتے ہوئے کہہ رہی تھیں جبکہ وہاں موجود کچھ لڑکیوں کو یہ منظر کچھ خاص نہیں بھایا تھا مگر پھر بھی وہ کیا کرسکتی تھیں؟

ٹھیک ہے اماں اگلی دفعہ یہی کروں گی۔ وہ شرارت سے کہتی مسکرا اٹھی جبکہ اس کے موتی جیسے سفید دانت اب نظر آرہے تھے

ہاہاہاہاہاہاہا ۔ جواباً وہ قہقہہ لگاتیں اسے ساتھ لگا گئیں اور یوں آہستہ آہستہ دن ڈھلنے لگا اور رات اپنے تمام تر تیاریاں لے کر پھر سے ریشماں بائی کے کوٹھے کو نکھارنے لگا

*************************************************************

نایاب کیسی ہو یار؟ آج کل نظر نہیں آرہی! نایاب کی ایک دوست نے اس سے شکوہ کرنے والے انداز میں پوچھا 

میں تو امریکہ گئی تھی اپنے چاچو سے ملنے بس اس لیئے غائب تھی۔ تم لوگ بتاؤکیسا چل رہا ہے سب؟ وہ جوس کا سِپ لیتی اپنے دوستوں سے پوچھنے لگی 

یار تمھیں پتہ ہے کہ ہمارے فارم ہاؤس میں پارٹی کر نے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ فاطمہ نے اس کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا

کب؟ اور کس نے پابندی لگائی ہے؟ وہ تقریباً اپنی جگہ سے اچھلتے ہوئے پوچھ رہی تھی جس کی آنکھوں اور لہجے میں حیرت نمایاں تھی

وہی کھڑوس بندے نے۔ جس نے اس رات تیرے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ اُسی نے ہمارے خلاف کمپلینٹ کی ہے۔ اب کی بار نیلم نے تفصیل سے جواب دیا

اوہ اچھا وہ ۔ چلو دیکھتے ہیں وہ کیسے ہمیں روکتا ہے پارٹی کرنے سے؟ نایاب نے شاطرانہ مسکراہٹ سجائے ان کی طرف دیکھ کر کہاجو اب منہ کھولے اسے دیکھ رہی تھیں

کیا مطلب کیا کرنےلگی ہے تُو؟ فاطمہ نے اُس کا رخ اپنی طرف کرتے ہوئے مشکوک انداز میں پوچھا

وہی جو مجھے بہت پہلے کرنا چاہیئے تھا۔خیر اُسے چھوڑو اور بتاؤ فائنل ائیر پراجیکٹ کہاں تک پہنچا تم لوگوں کا؟نایاب نے اب بھی آدھا ادھورا جواب دیا تھا ور پھر وہ تینوں یونی ورسٹی کے بارے میں باتیں کرنے لگیں البتہ نایاب کا دماغ مہیار علوی کے خلاف تانے بانے بننے لگا

********************************************************

بھائی آپ کب تک شادی کریں گے؟ ایسے کیسے چلے گا سب؟ شانزے ؛ مہیار علوی کی چھوٹی بہن ؛ نے اپنے بھائی سے کہا 

کیوں ؟ تمھیں میں ایسا آزاد پنچھی کی طرح گھومتا پھرتا ہوا اچھا نہیں لگتا کیا؟مہیار نے اے اپنے ساتھ لگاتے ہوئے پوچھا البتہ لہجہ کافی حد تک شرارتی تھا

بلکل بھی نہیں۔ عمر دیکھیں اپنی۔ وہ آنکھیں نکالتی ہوئی اس سے کہنے لگی 

ہاہاہاہاہاہاہا صرف ستائیس کا ہونے والا ہوں میں۔کون سا بوڑھا ہوگیا ہوں میں؟ وہ پہلے اس کی بات پر قہقہہ لگاکر ہنسا اور پھراس کی غصے سے لال ہوتے چہرے کی جانب دیکھ کر مصنوعی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتاکہنے لگا 

تو بھائی آپ کی عمر میں تو لڑکے منگنی تو کرلیتے ہیں نہ! وہ اب روہانسی ہوتے ہوئے کہہ رہی تھی؛ اپنے بھائی کو سمجھانا اسے ہمیشہ جوئے شیر لانے کے مترادف لگتا تھا اور اب بھی کچھ ایسا معلوم ہورہا تھا 

مجھے تو لگتا ہے کہ۔۔۔۔۔۔۔۔

تمھیں شرم نہیں آتی کسی کے پراپرٹی کو یوں بند کرنے پر؟ ابھی مہیار اسے جواب دیتا کہ سامنے سے تن فن کرتی نایاب نے غصے سے کہا

اور تمھیں شرم نہیں آتی یوں کسی غیر مرد کے گھر میں گھس کر اس انداز میں بات کرنے پر؟ ہو کون تم اور یہاں کیسے آئی؟ ابھی مہیار کچھ کہتا کہ شانزےپہلے ہوش میں آتی اس سے پوچھنے لگی، لہجہ کافی حد تک غصیلہ تھا اور ہوتا بھی کیوں کوئی کیسے اس لہجے میں اس کے بھائی سے بات کرسکتا ہے؟

تم سے بات نہیں کر رہی میں! تو بہتر ہے بیچ میں مت آؤ۔ اور ہاں تم یہ فارم ہاؤس کل تک کھل جانا چاہیئے ورنہ اچھا نہیں ہوگا۔ نایاب پہلے شانزے کو اور پھر مہیار کو دیکھتے ہوئے کہنے لگی اور آخر میں اس کا لہجہ دھمکانے والا ہوا

ہممم تو کیا کرلوگی؟ شانزے جتنی غصے میں تھی، مہیار اس کے برعکس پُرسکون انداز میں ہاتھ سینے پر باندھتا اس سے کہنے لگا

میں تمھاری نوکری ختم کروا دوں گی۔ نایاب نے گرجتے ہوئے کہا

کروا دو۔ مجھے کیا؟مہیار اب کی بار کندھے اچکا کر کہنے لگا جبکہ شانزے اب کی بار مسکراہٹ لیئے اپنے بھائی کو دیکھ رہی تھی کیونکہ وہ اپنے بھائی کی فطرت سے اچھے سے واقف تھی ۔ وہ نرم لہجے میں بات کرتے ہوئے بھی لوگوں کو انگاروں پر گھسیٹنا بخوبی جانتا تھا

تم۔۔ تم مجھے ہلکے میں لے رہے ہو مسٹر۔ نایاب نے اب کی بار تھوڑا سخت لہجے میں کہا جبکہ اندر ہی اندر اس پر حیرتوں کے پہاڑ ٹوٹ رہے تھےکیسے وہ شخص بنا اس کے رُعب میں آئے آرام سے بات کر رہا تھا؟مگر پھر بھی وہ اپنا لہجہ سخت بناتی بات کر رہی تھی

نہیں بلکل بھی نہیں۔بلکہ میں تو تمھیں دیکھ کر یہ کہہ سکتا ہوں کہ صاحبِ علم کو تمھارے جیسے 'جاہلوں' سے دس کیا سو فٹ کی دوری پر ہی رہنا چاہیئے ۔ وہ جوابی کاروائی کرتا ایک بار پھر سے اسے انگاروں پر گھسیٹ چکا تھا۔ وہ جتنے سکون سے اس کا سکون غارت کرتا تھا ، مہیار کو اسی میں زیادہ مزہ آنے لگا تھا جبکہ نایاب اب منہ کھولے اسے دیکھ رہی تھی ، الفاظ جیسے ختم ہو گئے تھے 

مل گیا سکون؟ اب جاؤ یہاں سے! شانزے نے اسے بازو سے پکڑتے ہوئے باہر نکل جانے کو کہا تو وہ ہوش میں آتی اس پر جھپٹ پڑی

تم ہوتی کون ہو مجھے یہاں سے نکالنے والی؟ اوہ تو تم اس کی رکھیل۔۔۔۔

بند رکھو تم اپنی بکواس۔ تمھاری ہمت کیسے ہوئی شانزے کو اتنی غلیظ گالی دینے کی؟ مہیار نے جب نایاب کی بات سنی تو وہ اپنا آپا کھوتا اس کے گلے کو دبوچ کر اس سے پوچھ رہا تھا۔ اس وقت ایک جنون تھا جو اس کے سر پر سوار ہوچکا تھا

چھوڑیں اسےمر جائے گی۔ شانزے اس کے ہاتھ کو نایاب کے گردن سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہوئے کہہ رہی تھی جبکہ نایاب گلے پر پڑنے والی دباؤ کی وجہ سے اب منہ کھولے سانس لینے کی کوشش کر رہی تھی جبکہ آنکھیں ابل کر باہر آنے کو ہوئی تھی

دفع ہوجاؤ یہاں سے۔ آئیندہ اگر تم یہاں آئی یا میرے آس پاس بھی نظر آئی مجھے تومجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا۔ جاؤ یہاں سے۔ مہیار نے اسے ایسے جھٹکا جیسے وہ کوئی اچھوت ہو، اور پھر اس کے منہ پر دھاڑتاہوا کہہ رہا تھا جبکہ شانزے اب خاموشی سے کھڑی نایاب کوغصے، حیرت اور افسوس کی ملی جلی کیفیت سے دیکھ رہی تھی

نایاب کھانستے ہوئے اٹھی؛ اس کی آنکھوں میں آنسو میں جمع ہوگئے تھے۔ اس نے اپنے ہاتھوں پر زور ڈالا اور اٹھ کھڑی ہوئی اور پھر ایک آخری نظر اس پر ڈالتی وہاں سے چلی گئی 

یہ کون تھی؟ شانزے نے اس کے ساتھ بیٹھتے ہوئے پوچھا

یہ ایک امیر ماں باپ کی بگڑی ہوئی اولاد ہے۔ جس کے فارم ہاؤس کو میں نے بند کروادیا ہے۔ اور وہ اسی کو کھلوانے یہی موجود تھی۔ وہ دوبارہ سے نارمل ہوتا اپنی بہن سے کہہ رہا تھا۔اس کے لہجے سے لگتا ہی تھا کہ ابھی دو منٹ پہلے وہ غصے کی انتہاؤں کو چھو رہا تھا

کتنی بدتمیز تھی۔ توبہ ہے۔ شانزے نے باقاعدہ جُھرجُھری لیتے ہوئے کہا

اب بھی میری شادی کروانی ہے؟ مہیار شرارت سے کہتا معصوم سی شکل بنائے اس سے پوچھ رہا تھا جبکہ لہجہ بھی شرارتی تھا

ہاں میرے پیارے بھائی۔ اب بھی میں نے آپ کی شادی کروانی ہے۔ دنیا میں اب بھی اچھے لوگ موجود ہیں۔ وہ بھی اپنے بھائی کی رگ رگ سے واقف تھی ۔ اس لیئے دوبدو جواب دیتی کچن کی جانب بڑھ رہی تھی جبکہ مہیار سر کو پیچھے گرائے اب کرسی سے ٹیک لگائے آنکھیں بند کرچکا تھا۔ وہ زیادہ دیر تک باتوں کو سر پر سوار نہیں کرتا تھا۔اب بھی یہی حال تھا۔

*************************************************************

صحن میں موجود چیزوں کو ترتیب دیتی وہ پان دان کے قریب بیٹھتی اسے اٹھانے لگی کہ پنے قریب آہٹ سنائی دینے پر سر اُٹھاکر آنے ولے کو دیکھنے لگی

 گُرو جی آپ! کیسے ہیں؟ وہ جلدی سے اٹھ کھڑی ہوئی اور ان کے سامنے عقیدت سے سر جھکاتی ہوئی پوچھنے لگی 

ارے جیتی رہو میری بچی۔ میں ٹھیک ہوں۔ تم کیسی ہو میری ماہ؟ تقریباً پینتالیس سالہ شخص جس کا آدھا چہرہ میک اپ سے لبریز تھا جبکہ آدھا چہرہ بلکل صاف تھا ۔ اس کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرتے ہوئے جواب دینے لگے

میں بھی ٹھیک ہوں گرو جی۔ وہ اب مسکراتے ہوئے کہہ رہی تھی۔ وہ ایک زندہ دل لڑکی تھی ۔ ہر ایک کے ساتھ چھوٹی چھوٹی خوشیاں مناتی تھی لیکن اپنا غم کسی سے باٹتنی نہیں تھی۔

پڑھائی کیسی جارہی ہےماہ؟ وہ اس کے مسکراتے ہوئے چہرے کی جانب دیکھ کر پوچھ رہے تھے جبکہ بات کرتے ہوئے انھوں نے اس کی ٹھوڑی پکڑ لی تھی

بہت اچھی۔ میں چاہتی ہوں کہ جلدی سے ختم ہو جائے بس اور پھر مجھے اچھی سی نوکری مل جائے تو کتنا اچھا ہو !؟ ماہ خوشی سے اچھلتی ہوئی کہہ رہی تھی، جبکہ اس کی خوشی کو محسوس کرتے ہوئے وہ بھی مسکراتے رہے 

ہاں میری بیٹی۔ضرور۔ اللہ کامیاب کرے میری ماہ کو۔ وہ اس کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے دعا دینے لگے جبکہ وہ آنکھیں بند کرکے آنکھوں میں آئی نمی کو دھکیلنے کے لیئے آنکھوں کو بند کرگئی

آئیے گرو جی ۔میں آپ کو اپنے ہاتھ کا بنا ہوا پاستہ کھلاتی ہوں۔ وہ ان کا ہاتھ تھامے ہوئے اب کہہ رہی تھی جبکہ وہ اس کے سر سے پیسے وارتے ہوئے وہاں موجود ایک شخص کو پکڑا چکے تھے

مجھے ہضم نہیں ہوتا یہ کھانا۔ پتہ تو ہے تمھیں ماہ! وہ منہ بنا کر کہنے لگے جبکہ ان کی بات سنتی ہوئی ماہ اب لبوں کو آپس میں سختی سے پیوست کرتی اپنی ہنسی کو ضبط کرنے لگی

ایک دفعہ سے کچھ نہیں ہوتا۔ چلیئے اب۔ اٹھیں! وہ اب مصنوعی سنجیدگی سے کہتی ہوئی اُنھیں اٹھانے لگی اور پھر وہ ان کے نہ نہ کرنے کے باوجود انھیں ساتھ لیئے اندر بنے ہوئے کیچن کی طرف لے گئی۔ جہاں انھیں ماہ کے ہاتھوں کے بنے ہوئے پاستہ کو اب کھانا تھا۔

************************************************************

کرکے مایوس میرے دل کو

ملا کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اُن کو

گاڑی میں ہلکی پھلکی موسیقی ماحول میں الگ طرز کا سرور پیدا کر رہی تھی۔ایسے میں وہ اپنے گزرے دن رات کو سوچنے لگا ۔ کہاں کمی رہ گئی تھی؟ جو حالات اس نہج پر پہنچ چکے تھے؟وہ کرے تو ایسا کیا کرے کہ اس کی زندگی کی چلتی گاڑی ایک ہموار راستے پر واپس آ جائے۔

سر اُس لڑکی کا کیا کرنا ہے؟ وہاج نے اُس سے پوچھا جو سوچوں میں غرق ہوئے وہاں بیٹھے لوگوں سے بیگانہ تھا

اُنھیں ابھی صرف صحت یاب ہونے دو۔ پھر اُن کے بارے میں ساری معلومات نکال لینا ۔ دیکھتے ہیں کہاں سے آئی ہیں وہ؟پھر ہی کوئی فیصلہ کرتے ہیں ان کا بھی۔ باہر کی جانب ایک نظر دیکھتے ہوئے اب وہ وہاج کی جانب دیکھ کر جواب دینے لگا 

لیکن سر وہ ابھی بھی فارم ہاؤس میں ہیں ۔ اگر میڈیا کو ذرا سی بھی بھنک پڑ گئی تو معاملہ گھبیر ہوسکتا ہے ۔ ابھی دو مہینے پہلے بھی تو یہی سب ہوا تھا۔ وہاج نے پیچھے مڑ کر اب تشویش سے کہا

ہم کل جارہے ہیں اسلام آباد واپس۔ انھیں پہلے یہی رکنےکا کہو اور اگر وہ نہیں رُکنا چاہتیں تو پھر ان کے جانے کا انتظام کرلینا۔ وہ تفصیل سے کہتا اپنے موبائل میں مصروف ہوگیا 

اور اگر وہ نہیں جانا چاہے تو؟ وہاج نے اُس کے چہرے کی جانب دیکھا جو اس وقت موبائل پر کچھ پڑھنے میں مصروف تھا، آنکھوں پر باریک فریم والا چشمہ لگائے؛ سر جھکائے ہوئے بھی ماحول پر چھایا ہوا لگ رہا تھا۔ کنپٹی کے بالوں میں اگرچہ سفیدی آگئی تھی مگر پھر بھی وہ ایک ہینڈسم اور ڈیشنگ ہیرو لگتے تھے۔ اس کے سوال پر سر اٹھاتا اس کی جانب دیکھنے لگا

تو پھر نظر رکھولیکن احتیاط کرنا۔ وہ دو ٹوک جواب دیتا دوبارہ سے موبائل میں مصروف ہوگیا تو وہ بھی سمجھ کر سر ہلاتا سامنے کی طرف دیکھنے لگا 

*************************************************************

مہک اب صحت یاب ہورہی تھی۔ اسے وہاں آئے ہوئے ایک ہفتہ ہوچکا تھا۔اسے وہاں موجود کسی کے ہونے یا نہ ہونے کا کوئی علم نہیں تھا۔ وہ خود بھی کمرے سے باہر نہیں نکلتی تھی۔ کھانا اس کے کمرے میں اِرم ہی لے کر آجایا کرتی تھی اور جب وہ کھانا کھا لیتی تو ارم ہی اس کے کمرے سے برتن اٹھا کر لے جاتی۔

لیکن ایک بات جو اس نے محسوس کی تھی وہ یہ تھی کہ جس شخص اس کی ایک ہفتہ پہلے گفتگو ہوئی تھی وہ دوبارہ اسے نظر نہیں آیا تھا ۔ وہ کون تھا؟ اور وہ اس وقت کس کے پاس تھی؟ اسے یہ بھی معلوم نہیں تھا۔ کچھ سوچتے ہوئے اس نے سامنے ارم کی طرف دیکھا اور پھر اسے آواز دی

ارم ؟ ارم جو اس کے کمرے میں صفائی کر رہی تھی ، مہک کی آواز پر سوالیہ نظروں سے اس کی جانب دیکھنے لگی 

یہ کون سی جگہ ہے؟ مطلب میں کہاں ہوں؟ یہ کس کا گھر ہے؟ وہ ایک ساتھ کئی سوال کرتی اسے دیکھنے لگی جو اس کے سوالات کو سن کر دھیرے سے ہنس دی

یہ تمھارےلیئے کافی نہیں ہے کہ تم محفوظ ہاتھوں میں ہو؟ وہ اس کے ہاتھوں کو تھامے ہوئے اس سے پوچھ رہی تھی جو الجھ کر اس کی جانب دیکھ رہی تھی

مجھے کیا پتہ کہ یہ جگہ میرے لیئے محفوظ ہے یا نہیں؟ وہ سر جھکائے اس سے کہنے لگی؛ لہجہ میں ٹوٹے کرچیوں کی سی آنچ تھی

مجھے نہیں پتہ کہ تم کہاں سے آئی ہو؟ اور کیوں آئی ہو؟ مگر اتنا یاد رکھنا جس کے ہاتھوں میں اللہ نے تمھیں دیا ہے ، وہ تمھارا محسن ہے۔ وہ اس کے ہاتھ کی پشت کو ہلکا سا تھپک کر نرمی سے کہہ رہی تھی ؛ ارم عمر میں اس سے کوئی دو یا تین سال ہی بڑی تھی لیکن ان کچھ دنوں میں دونوں کے بیچ تکلف کی دیوار گر گئی تھی

مجھے یہاں سے جانا ہوگا۔ مہک نے اس کے ہوتھوں میں مقید اپنے ہاتھوں کو دیکھتے ہوئے کہہ رہی تھی

کہاں جاؤگی؟ ارم نے دوبدو سوال کیا جبکہ وہ اس کے چہرے کے اتار چڑھاؤ بخوبی نوٹ کر رہی تھی 

کسی دارلامان میں چلی جاؤں گی۔ اب ساری زندگی یہاں تو نہیں رک سکتی نہ۔ مہک نے تھکی ہوئی آنکھوں سے اس کی جانب دیکھ کر کہا جبکہ تھکن اب لہجے میں بھی اتر آئی تھی

ہممم بات تو سہی ہے ۔چلو ٹھیک ہے پھر میں وہاج سے بات کرتی ہوں۔ وہ تمھارے لیئے کوئی اچھی سی جگہ ڈھونڈنے نکل جائے۔ لیکن میری مانو تو یہی رک جاؤ ۔ کہاں در بدر کی ٹھوکریں کھاؤگی؟ بڑے صاحب کو آنے دو پھر چلی جانا۔ وہ آرام سے اسے سمجھاتے ہوئے کہنے لگی، وہ جو اسے سن رہی تھی 'بڑے صاحب' کا سن کر وہ چونک کر دیکھنے لگی 

یہ بڑے صاحب کون ہیں؟ وہ ناسمجھی سے اس کی جانب دیکھ کر پوچھ رہی تھی،اب کی بار لہجے میں خوف بھی اتر آیا تھا

جن کی یہ کوٹھی ہے۔ وہی تو ہیں ہمارے بڑے صاحب جو تمھیں یہاں لے کر آئے تھے ۔ وہ عام انداز میں کہتی ہوئی اس کے چہرے کے اڑتے ہوئے رنگوں کو تعجب سے دیکھ رہی تھی

مجھے۔۔۔۔ مجھے یہاں سے جانا ہوگا۔ تم پلیز کسی سے کہو کہ میرے لیئے ٹیکسی منگوا لیں۔ وہ تیزی سے بیڈ سےاتری اور پھر اپنا دوپٹہ اوڑھتی ہوئی اسے سے جلدی جلدی کہنے لگی

ارے کیا ہو ا؟ تم کیوں ایسے بول رہی ہو؟ اور اس دوپہر میں کہاں جاؤ گی اب تم؟ ارم جو اس کے بوکھلائے ہوئے انداز کو دیکھ رہی تھی؛ اب کی بار ذرا غصے سے اس سے پوچھنے لگی

میں کہیں۔۔۔ بھی چلی جاؤں گی مگر یہاں نہیں رُک سکتی ۔ وہ اب پیروں میں چپل پہن رہی تھی ، اس کے انگوٹھے کے زخم بھی ٹھیک ہورہے تھےمگر مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں ابھی وقت تھا، اس لیئے جلدی کرنے کے چکر میں انگوٹھے کے زخم پھر سے تازہ ہونے لگے 

مجھے۔۔۔ مجھے جانا ہوگا۔ وہ زخموں کی پرواہ کیئے بغیر باہر کی جانب بڑھی۔ اس سے پہلے وہ کمرے کا دروازہ پار کرتی سامنے سے آتے وجود سے ٹکرا گئی اور پھر اپنا توازن برقرار نہ رکھ پائی اور کئی قدم پیچھے کی جانب گر گئی اور اپنے سر کو تھامتی ہوئی سامنے اس شخص کو دیکھنے لگی جس سے وہ ٹکرائی تھی

آپ۔۔۔؟

**************************************************

یہ منظر ایک عالی شان عمارت کا ہے جہاں ملک بھر کے مختلف شعبوں کے سربراہ، منسٹرز اپنی بیگمات کے ساتھ موجود تھے۔ کم عمر ترین منسٹر وہاں وہ خود تھا۔ اس وقت وہ ٹکسیڈو پہنے ہوئے تھا جبکہ اس کا بازو تھامے اس کی بیوی اس کے ساتھ موجود تھی۔ اس کی بیوی کچھ زیادہ ہی خوش نظر آرہی تھی؛ اس نے ایک نظر بس اپنی بیوی کے چمکتے چہرے کی جانب دیکھا اور پھر وہ اسے لیئے آگے بڑھ گیا۔

کتنے ہی لوگوں نے وہاں انھیں دیکھا تھا۔ کچھ نظروں میں ستائش تھی تو کچھ کی نظروں سے حسد صاف ظاہر ہورہا تھا۔ ظاہر ہے اتنی کم عمری میں اتنے اچھی جگہ حاصل کرنا اور پھر اتنی خوبصورت اور کامیاب بیوی کا ساتھ ہو تو زندگی اور بھی زیادہ اچھی گزرتی ہے ۔

ہیلو ینگ مین! کیسے ہو؟ اور آپ کیسی ہیں مسز علوی؟ افتخار اجمل صاحب جو کہ عمر میں تقریباً پچاس برس کے تھے؛ اس سے مصافحہ کرتے ہوئے پوچھنے لگے۔ لہجے میں چاشنی کوٹ کوٹ کر بھری تھی جبکہ ان کی نظریں 'مسز علوی' پر جیسے جم ہی گئیں تھیں 

ہم دونوں بلکل ٹھیک ہیں البتہ اگر آپ اپنی نظریں میرے چہرے کی بجائے اپنی بیٹی پر رکھیں تو زیادہ بہتر ہوگا افتخار صاحب۔ جتنے خوشگوار لہجے میں سوال پوچھا گیا تھا؛ اتنے ہی ترش لہجے میں 'مسز علوی' نے جواب دیا تھا

نہیں میں تو ویسے۔۔۔

مجھے جو لگا میں نے بتا دیا آپ کو۔ اس سے کم یا زیادہ کچھ نہیں کہا میں نے، تو بہتر ہوگا یہ بات یہی ختم ہو ۔ امید ہے آئیندہ آپ احتیاط کریں گے ۔ابھی وہ جواب دیتا کہ وہ اس کی بات کاٹ کر اب مسکراتے ہوئے کہہ رہی تھی البتہ آنکھوں سے شرارے پھوٹ رہے تھے، اس کے چہرے سے اندازہ لگانا مشکل تھا کہ وہ کیا کہنے والی ہے؟ یا پھر کرنے والی ہے؟

اپنی بیوی کاجواب سن کر وہ داد دیتی نظروں سے اسے دیکھنے لگا، چہرے پر مسکراہٹ نے بسیرا کرلیا تھا جبکہ وہ اب اس کی طرف متوجہ ہوا تو وہ بھی اب اس کے مڑنے پر اسے دیکھنے لگی

چلیں مسز علوی؟ وہ اپنا بازو اس کی جانب بڑھ گیا اور پھر مسکراہٹ سجائے اس سے کہنے لگا

شیور ہنی بنچ! وہ بھی جواباً مسکرا کر اس کے بازو میں ہاتھ ڈالتی اس سے کہنے لگی 

ایکسکیوز اس افتخار صاحب ۔ وہ سر کو خم دے کر انھیں کہتا اپنی بیوی کو لیئے وہاں سے چلا گیا جبکہ پیچھے وہ مصنوعی مسکراہٹ سے انھیں جاتا ہوا دیکھنے لگے 

دیکھ لوں میں تم دونوں کو۔ جتنا اڑنا ہے نہ اڑ لو۔ میں نے بھی تم دونوں کے پر نہ کاٹ دیئے تو کہنا۔ وہ گلاس اٹھاتے ہوئے ان دونوں کو سلگتی ہوئی نگاہوں سے اوجھل ہونے تک دیکھے جارہے تھے اور ساتھ ساتھ خود سے بڑبڑا رہے تھے

انٹرسٹنگ۔ دور بیٹھے ہوئے دو آنکھوں نے یہ منظر دیکھا تھا جبکہ اس لڑکی کے جواب پر اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ آگئی تھی اور پھر وہ بھی وہاں سےچلا گیا تھا۔

اب یہ کون تھا؟ کہاں سے آیا تھا ؟ اور پھر کہاں چلا گیا تھا؟ دوست تھا یا پھر دشمن؟ فلحال کوئی بھی یہ بات سمجھنے سے قاصر تھا۔

*************************************

( جاری ہے)                                         



Comments

Popular Posts