نقشِ بے صدا | Episode 06
Episode 06 | نقشِ بے صدا
قسط نمبر 06؛
رُکو ۔۔۔ لڑکی۔ محفل جب ختم ہوئی تو آہستہ آہستہ کرکے سب وہاں سے جانے لگے تھے اور کچھ اپنی رات رنگین کرنے کے لیئے تنگ و تاریک کمروں میں بند ہوچکے تھے۔ ماہ بھی وہاں سے جانے لگی تھی کہ بھاری مرادنہ آواز نے اس کے قدم روک لیئے۔
میں تم سے بات کرنا چاہتا ہوں۔ وہ براہِ راست اس کی جانب دیکھتا اپنی مخصوص بھاری آواز میں کہنے لگا
مگر مجھے کسی سے کوئی بات نہیں کرنی۔ماہ نے ہنوز دوسری جانب دیکھتے ہوئے جواب دیا۔ گوکہ وہ پردے سے صاف نظر نہیں آرہی تھی مگر پھر بھی اس نے بڑے صاحب کی جانب پیٹھ کر رکھی تھی
کسی سے نہ سہی۔۔۔ صرف مجھ سے کرلو۔ وہ خاصے دوستانہ لہجے میں دو وقدم مزید قریب ہوتا کہنے لگا
مگر مجھے آپ سے بھی کوئی بات نہیں کرنی۔ ماہ سرد و سپاٹ لہجے میں کہتی وہاں سے جانے لگی
کیا میں تمھیں دیکھ سکتا ہوں؟ وہ اب پردے کے قریب آ چکا تھا ، پردے کو اُنگلیوں کی پوروں سے چھوتا اجازت مانگنے لگا ۔ اس نے سرے سے ماہ کی نظرانداز کرکے اپنا مطالبہ سامنے رکھا
اور آپ مجھے کیوں دیکھنا چاہتے ہیں؟۔۔۔ بڑے صاحب ۔ اب کی بار وہ اس کی جانب دیکھنے لگی مگر بیچ میں پردہ حائل ہونے کی وجہ سے ماہاس کے تاثرات سمجھنے اور دیکھنے سے قاصر تھی
میں سب کے لیئے بڑے صاحب ہوسکتا ہوں مگر تم مجھے علوی کہو۔ وہ شدت سے کہتا اب کی بار پردے کو کھینچ گیاتو پردہ جو پہلے سے ہی ڈھیلا تھا ، ایک ہی جھٹکے سے نیچے گرا مگر ماہ نے فوراً منہ دوسری طرف کیا اور پھر وہ رکی نہیں وہاں سے بھاگتی چلی گئی جبکہ علوی عرف بڑے صاحب اپنے ہاتھ میں موجود پردے کو زور سے مٹھی میں دبائے وہاں سے خود بھی چلے گئے۔
یہ ماہ اور علوی یعنی بڑے صاحب کی پہلی ملاقات تھی ۔ پردے کے پیچھے ہونے والی پہلی ملاقات کیا رنگ لانے والی تھی؟ وہ اسے دیکھنے کہ چاہ رکھتے تھے مگر ماہ وہ خود تک کسی کو رسائی نہیں دے رہی تھی۔ دو الگ قسم کے لوگ ، دو الگ ہی منزلوں کے مسافر اپنی اپنی کوششوں میں کب تک کامیاب ہونے والے تھے؟ یا پھر دونوں میں سے کوئی ایک ہارنے والا تھا؟
━━━━━━━━━━━━━
اس کا موبائل مسلسل وائبریشن کی وجہ سے بج رہا تھا۔ تنگ آکر نے اس کا موبائل اٹھا کر دیکھا تو شانزے کی چار مسڈ کالز دیکھ کر فوراً سےآنے والی کال پِک کی۔ اُسے معلوم تھا کہ اس کی بہن کو پریشانی کے ساتھ ساتھ اب غصہ بھی آئے گا اور ایساہوابھی۔
بھائی کہاں تھےآپ؟ کیسے ہیں؟ آپ ٹھیک تو ہیں نہ؟کال کیوں پِک نہیں کر رہے تھے؟شانزے نے اس کے کال ریسیو کرتے ساتھ سوالات کی بوچھاڑ کردی، لہجے میں فکر، پریشانی اور غصہ کا عنصر نمایاں تھا
جی جی میری پیاری بہن۔ سب ٹھیک ہے ۔وہ ذرا موبائل کو کام کی وجہ سے میں نے وائبریشن پر لگایا ہوا تھااس لیئے دیکھ نہیں سکا۔عاجزانہ انداز میں کہتے ہوئے اس نے اپنا سر کھجاتے ہوئے اپنی بات مکمل کی۔ موبائل اس وقت اس کے کان اور کندھے کے بیچ تھا
بھائی پکی بات ہے نہ؟ اب کی بار لہجہ تھوڑا مشکوک تھا
جی بھائی کی جان۔ وہ سب کچھ چھوڑ کر پیر سیدھے کرتا مکمل اپنی بہن کی جانب متوجہ ہوگیا تھااور فون کا کو ہاتھ سے پکڑ کر کان سے لگاتاپیچھے کرسی سے ٹیک لگا گیا
بھائی مجھے آپ سے بات کرنی تھی۔شانزے نے اس کی بات کے جواب میں کہا
ہاں کہو میں سن رہا ہوں۔ مہیار نے آنکھیں موندے اسے بات کرنے کی اجازت دی
وہ ۔۔۔۔میں نے آپ کے لیئے لڑکی پسند کرلی ہے۔ وہ پہلے کچھ اور کہنے لگی تھی ، مگر پھر اپنی بھائی کی فطرت سے اچھے سے واقف تھی اس لیئے بات بدل لی
واٹ؟ کیا کہا ابھی؟وہ جو آنکھیں بند کرکے اس کی بات سن رہا تھا۔۔۔ شانزے کی بات سن کی مر نہ صرف اس کی آنکھیں پھٹ گئیں بلکہ وہ یکدم سیدھا ہوبیٹھااور اچانک بیٹھنے کی وجہ سے اس کے پٹھے بھی سختی سے کھینچ گئے تھے ، جسے اس نے لب بھینچ کر برداشت کیا
میں نے آپ کے لیئے لڑکی دیکھ لی ہے بھائی۔ شانزے نے اپنی بات دہرائی اور اس کے جواب کا انتظار کرنے لگی
کون ؟ وہ منہ پر ہاتھ پھیر کر خود کو کمپوز کرتا ایک لفظی سوال کر گیا
نایاب۔ شانزے بھی اسکی بہن تھی، اسی کی طرح ایک لفظی جواب دیا
نایاب کون؟وہ ناسمجھی سے شانزے سے پوچھ بیٹھا
نایاب ابراہیم مبین۔ آپ کی سب سے بڑی رائول۔ ہاہاہاہاہا ۔ شانزے نے اس کے سر پر دھماکہ کرکے آخر میں ہنسنے لگی
وہ بدتمیز لڑکی۔ جسے بات کرنے کی تمیز نہیں ہے ۔ اسے تم میرے سر پر لاکر بٹھا رہی ہو شانزے۔ وہ اچھا خاصا زچ ہوتا اب قدرے جھنجھلاہٹ میں مبتلا ہوکر کہہ رہا تھا
ہوجاتی ہے اس عمر میں لڑکیاں تھوڑی لاابالی سی، تھوڑی بدتمیز سی۔ شادی کے بعد ٹھیک ہوجاتی ہیں۔ شانزے نے اب کی بار نرم لہجے میں کہا
مگر میں بتارہا ہوں میں اس سے شادی ہرگز نہیں کروں گا۔ مہیار نے کھڑے ہوکر کہا، لہجہ دو ٹوک اور سرد تھا
میں نے بھیا کو بھی انفارم کردیا ہے اب۔ شانزے نے ایک اور دھماکہ بھی کیا
کیا مطلب؟ لالہ کو بھی بتا دیا تم نے اور مجھ سے پوچھنا گوارا بھی نہیں کیا۔ مہیار صدمے اور غم اور غصے کی ملی جلی کیفیت میں مبتلا اس سے پرشکوہ انداز میں کہنے لگا
بھائی اپ مل لیں نایاب سے ۔وہ زبان کی بس تیز ہے باقی وہ اچھی لڑکی ہے۔ شانزے نے اپنے مخصوص نرم لہجے میں کہا، مقصد اسے کسی بھی ظرح قائل کرنا تھا
تم کچھ بھی کہو مگر میں اس سے نہیں ملوں گا۔ مہیار نے دو ٹوک انکار کیا
کیا آپ کو کوئی اور پسند ہے کیا؟ شانزے نے بلآخر تنگ آکر ذرا تیز لہجے میں پوچھا
━━━━━━━━━━━━━
آج اس نے ڈائری کھولی تھی۔ مدتوں بعد ڈائری لکھنے کا خیال یونہی آیا تھا۔ ڈائری کے پہلے صفحے کو پلٹا تو پُرانا خستہ حال صفحہ کسی خزاں کے سوکھے پتے کی مانند آواز پیدا کرتا ماحول میں کسی کی موجودگی کا احساس دلا رہا تھا۔
پہلے صفحے پر کوئی نام درج تھا اور اس کے نیچے چند سطریں لکھی گئیں تھیں۔
"مہر"
مگر میرے لیئے وہ 'مہر ماہ' ہے۔ چاند کی مانند۔۔۔ روشن، چمکتی ہوئی۔۔۔ چاند کا ٹکڑا
اس نے مہر ماہ نام پر ہاتھ پھیرا، ایک گہرا سانس لینے کی کوشش کی اور پِھر اُس نے دوسرا صفحہ پلٹا جہاں اٹالین(اطالوی) زبان میں کچھ لکھا گیا تھا
"Mi sono innamorato della sua voce"
'مجھے اس کی آواز سے عشق ہوا تھا۔'
وہ جو کوئی بھی تھا، وہی ٹھہر گیا تھا۔ گہرے گہرے سانس بھرتا وہ خود کی حالت پر قابو پانے کی کوشش کرنے لگا۔ کتنا آسان لگتا تھا کسی کو حاصل کرنااور کتنا مشکل تھا کسی کا دسترس میں ہونا۔ وہ رو نہیں رہا تھا مگر اس کے ہاتھ کپکپانے لگے تھے، ہونٹ لرز رہے تھے جو اس کی اندرونی اور ذہنی دباؤ کی کیفیت کو ظاہر کر رہے تھے ۔
یااللہ! ایک چیخ کے ساتھ وہ گر پڑا اور پھر وہ ہوش سے بیگانہ ہوتا آنکھیں بند کرگیا تھا جبکہ اس کی چیخ سن کر کوئی کمرے میں داخل ہوا تھا۔اور پھر ایک اور بندے کی مدد سےاسے اٹھا کر باہر لے جایا گیا۔
━━━━━━━━━━━━━
ڈیڈ مجھے آپ سے بات کرنی ہے۔ نایاب اپنے والد کے کمرے میں آتی ان سے کہنے لگی
کہو ۔میری ڈول کو کیا کہنا ہے؟وہ اسے خود سے لگائے تھپکتے ہوئے پوچھ رہے تھے، ہجے میں دنیا جہاں کی بشاشت اور تروتازگی تھی
ڈیڈ مجھے کوئی پسند ہے اور میں۔۔۔میں اُس سے شادی کرنا چاہتی ہوں۔ وہ اپنے والد کے سینے سے لگی کہنے لگی، لہجہ پہلی بار لڑکھڑایا تھا
کون ؟ وہ جبران؟ انھوں نے ایک آئیبرو اچکا کر پوچھا
نہیں۔ وہ اُن سے دورہوکر سر ہلا کر ان کی بات کی نفی کی
تو پھر؟ وہ اس کے چہرے کی جانب دیکھتے ہوئے پوچھ رہے تھےجہاں اس کے چہرہ گلابی مائل سے اب سرخ ہورہا تھا، ہاتھوں کی مٹھیاں بھینچ گئیں تھیں جیسے وہ خود کو اپنے والد کے سوالات کے لیئے تیار کر رہی تھی
مہیار علوی۔ ایک لفظی جواب پر کمرے میں سکوت چھا گیا تھا، دیواروں نے بھی سانس روک لی تھی اور ہر چیز اس وقت دم سادھے ہوئے ابراہیم مبین کے جواب کی منتظر تھی۔
━━━━━━━━━━━━━
✦ جاری ہے۔۔۔



Comments
Post a Comment