نقشِ بے صدا | Episode 07

Episode 07 | نقشِ بے صدا
قسط نمبر 07؛
نہیں۔ مجھے کوئی بھی نہیں پسند۔ مہیار نے دو ٹوک کہہ کر موبائل کو دوسرے کان پر منتقل کیا، البتہ اب وہ ادھر ادھر چکر کاٹ رہا تھا اور بالوں میں بھی ہاتھ پھیر رہا تھا۔
تو پھر کیا مسئلہ ہے بھائی؟ وہ جو دم سادھے اپنے بھائی کو سن رہی تھی، اس کے انکار پر گہرا سانس خارج کرتیاس سے سوال کرنے لگی ۔
مسئلہ یہ ہے کہ مجھے وہ لڑکی نہیں پسند ۔ مہیار نے کہہ کر سامنے دیوار کو دیکھا جہاں گھڑی کو دیکھ کر اسے اندازہ ہوا کہ وہ پچھلے آدھے گھنٹے سے اپنی بہن کے ساتھ بحث کر رہا ہے۔
کوئی بات نہیں۔ شادی کے بعد اپنی بیوی سب کو پسند آجاتی ہے اور ویسے بھی اسے آپ بہت پسند ہیں۔ اور بتائیں؟ شانزے نے اس کی بات رد کرتے ہوئے کہا
وہ مجھے کبھی پسند نہیں آسکتی شانزے۔ مہیار نے اب کی بار بے بسی سے کہا، وہ اب اس بے تکی بحث سے اکتا رہا تھا
وہ آپ کو پسند آجائے گی بھائی۔ آپ ان کے ڈیڈ سے مل لیں ایک دفعہ۔ پلیز۔ وہ اسے سمجھانے کی کوشش کرتی ہوئی ٹھہر ٹھہر کر بول رہی تھی۔
میں نہیں ملوں گا شازو۔ مزید میں اس پر کوئی بحث نہیں کرنا چاہتا ۔بات ختم ہوگئی ہے۔ مہیار نے اب کی بار سخت لہجے میں کہا، انداز ایسا تھا جیسے وہ کبھی دوبارہ بات سننا بھی گوارا نہیں کرے گا۔
ٹھیک ہے بھائی۔ لالہ کو بھی خود ہی جواب دے دینا پھر۔ کیونکہ یہ ان کی بھی خواہش تھی کہ آپ کی شادی ہو۔ اللہ حافظ۔ شانزے نے اپنی بات مکمل کرکے کال کاٹ دی جبکہ وہ ہیلو ہیلو کرتا رہ گیا۔
ڈیم اِٹ۔ وہ فون کو وہی صوفے پر پھینکتا، بالوں میں تیزی سے ہاتھ چلانے لگا۔ جو بھی کرنا اس نے کرنا تھا۔ مگر ایسا کیا کرنا تھا کہ جس سے نایاب بھی پیچھے ہٹ جاتی اور اس کے لالہ بھی ناراض نہ ہوتے۔
━━━━━━━━━━━━━
ہاسپٹل میں اس وقت افراتفری کا سماں تھا۔ اور وجہ مشہور سیاستدان مہیار علوی کی 'دوسری بیوی' مہک کا ہاسپٹل ایڈمٹ ہونا تھا۔ ڈاکٹرز اور نرسز ادھر ادھر بھاگم بھاگ نظر آرہے تھے۔ وہاج اور ارم مہک کے سٹریچر کے ساتھ بھاگتے ہوئے جارہے تھے۔ اور مہک ؟ اس کے آنکھوں کے پپوٹے سُوج چکے تھے، بکھرے ہوئے بالوں کو ناجانے کیسے سمیٹ کر اس وقت دوپٹے میں چھپا لیئے گئے تھے۔
وہ پُرنُور ، گلابی چہرہ اپنا رنگ کھو چکا تھا اور اب وہ زردی مائل تھا۔ لبوں کی تازگی اُس وقت کسی خستہ حال پتے کا منظر پیش کر رہی تھی۔ آنکھیں اندر کو دھنسی ہوئی تھی اور وہ تین دنوں میں کچھ اور بن چکی تھی۔ ارم تشویش سے اسے دیکھتے ہوئے جارہی تھی جبکہ وہاج کے ذہن میں اس وقت مہیار کا سامنا کرنے کے لیئے مختلف تانے بانے بنے جارہے تھے۔
آپ لوگ یہی رکیں۔ نرس نے ان دونوں سے کہا تو وہ دونوں وہی رگ گئے اور مہک کو اندر ایمرجنسی روم میں لے کر چلے گئے۔
یا اللہ۔ مہک کی حفاظت کرنا میرے مولا۔ ارم روتے ہوئے مہک کی صحت کے لیئے دعا گو تھی جبکہ وہاج فون کان سے لگائے دوسری جانب چلا گیا تھا۔
کیا ہوا ہے وہاج؟ تم لوگ چیخے کیوں تھے؟ میں نے تمھیں دوبارہ کال ملانے کی کوشش کرتا رہا ہوں مگر تمھارا نمبر نہیں مل رہا تھا۔ میں نے ڈرائیور کو کال کی تو پتہ چلا ہے کہ تم لوگ ہاسپٹل میں ہو۔ کون ہے ہاسپٹل میں؟ کس کو لائے ہو؟ جیسے ہی وہاج نے کال ریسیو کی، مہیار نے پوچھا، لہجے میں ہلکی بے چینی کے ساتھ تشویش کی رمق بھی واضح تھی۔
سر کیا آپ نے کال سن لی تھی پہلے؟ وہاج مہیار کے سوالوں کو سن کر الٹا سوال کیا۔ اب وہ سہی معنوں میں پریشان ہو گیا تھا۔ کیونکہ بات مہیار تک پہنچ چکی تھی۔
یہ میرے سوالوں کا جواب نہیں ہے وہاج۔جو پوچھا ہے اس کا جواب دو۔ مہیار نے اب کی بار تیز لہجے میں کہا۔
سوری سر۔ سر مہک میم کی طبیعت بگڑ چکی ہے۔ ہم انھیں ہاسپٹل لائے ہیں۔ وہاج ماتھے کو کھجاتے ہوئے کہہ رہا تھا جبکہ یہ بات مہیار کے سماعتوں پر بم کی طرح گری۔
کیا مطلب ہے تمھارا؟ کیا ہوا ہے ان کو؟ ایسے کیسے طبیعت خراب ہوئی ان کی؟ اور تم لوگ اس وقت کون سے ہاسپٹل میں ہو؟ مہیار نے اس کی بات سن کر ایک ساتھ کئی سوالات کر ڈالے، لہجے میں تشویش، غم، غصہ، بے چینی صاف ظاہر تھا۔
سر وہ۔۔۔۔۔ وہاج نے مہیار کو الف سے ے تک ساری بات حرف بہ حرف بتا دی۔ جسے سن کر مہیار علوی نے فوراً ایک نتیجے پر پہنچتا کال کاٹ گیا تھا۔ جبکہ وہاج ایک گہرا سانس لیتا اوپر آسامان پر ایک نظر ڈالتا اندر کی جانب بڑھ گیا جہاں مہک اور ارم دونوں موجود تھے۔
━━━━━━━━━━━━━
تمھاری ہمت کیسے ہوئی تھی میری بہن کے پاس آنے کی؟ مہیار، نایاب کے سامنے آتااس سے پوچھنے لگا، لہجے میں غصہ خود بخود عود آیا تھا۔ اسے رہ رہ کر شانزے کی ناراض ہونے پر غصہ آرہا تھا جو نایاب کی وجہ سے اس سے ناراض ہوگئی تھی۔
اس نےبہت سوچا ، ہر پہلو سے دیکھا مگر پھر بھی اس کے ہاتھ کوئی ایسا سرا نہیں آرہا تھا جسے تھام کر وہ نایاب کو انکار بھی کردیتا اور اپنے بھائی اور بہن کو بھی مطمئن کرپاتا۔شانزے نے اسے پہلے ہی ہری جھنڈی دکھا دی تھی کہ وہ لالہ سے بھی بات خود کرے۔ وہ اچھا خاصا زچ ہو گیا تھا۔ اس لیئے وہ ابھی نایاب کے سر پرپہنچتا اس سے کہنے لگا۔
واٹ آ پلیزینٹ سرپرائز ۔ تو کیا ہوا؟ میری بھی بہنوں کی طرح ہیں وہ۔ اور بہنوں سے ہی تو دل کی بات کی جاتی ہے ۔ نایاب مزے سے کندھے اچکا کر کہتی اسے مزید سیخ پا کر گئی تھی۔وہ جو گاڑی سے اتر کر مال کے اندر جارہی تھی۔ اس کی آواز سن کر اس کی طرف بڑھی اور پھر اس کے سامنے آکر خوشگوار حیرت سے دیکھ رہی تھی۔ البتہ اب وہ اپنی بات کرکے اس کا لال بھبھوکا چہرہ دیکھ رہی تھی۔
اوہ شٹ اپ ۔ کون سی بہن؟ اور کیسی دل کی بات؟ آئیندہ تم ہمارے گھر نہیں آؤ گی۔ مہیار نے انگلی اٹھا کر وارن کردینے والے لہجے میں کہا۔
گھر کیا میں تو تمھارے دل میں بھی آؤں گی اب مہیار علوی۔ نایاب نے اس کی انگلی کو اپنی دو انگلیوں میں پکڑتے ہوئے چیلنجنگ انداز میں کہا۔
تم میرے گھر میں داخل ہوسکتی ہو مگر میرے دل میں کبھی نہیں۔ مہیار نے اس کا ہاتھ پکڑتے ہوئے کہا اور پھر زور سے جھٹکا۔ غصے سے تنفس بگڑ چکا تھا جبکہ اس کے برعکس نایاب پرسکون تھی۔
تو تم مجھ سے شادی کرکے دیکھ لو۔ شادی کے بعد فیصلہ کریں گے کون کہاں تک اپنی بات پر پورا اترتا ہے؟ نایاب کا لہجہ اب بھی وہی تھا، اپنے حسن سے لاپرواہ، اردگرد سے بے نیاز ،لائٹ بلیو کُرتا اور ساتھ بیگی جیز پہنے، دوپٹے کو ہمیشہ کی طرح سٹالر کی طرح لپیٹ کر گلےمیں ڈالا تھا۔ وہ اس وقت اس کے سامنے کھڑی تھی۔
آئی ہیٹ یو۔ میں تم سے کبھی شادی نہیں کروں گا۔ مائنڈ اِٹ۔ مہیار نے غصے سےکہا اور پھر جانے کے لیئے پلٹا اور تیز تیز قدموں سے اس سے دور جانے لگا۔
آئی لو یو ٹو مائے ہبی ٹو بی۔ نایاب نے پیچھے سے اونچی آواز میں ہانک لگائی اور اردگرد گزرتے ہوئے لوگ بھی اب رُک کر دلچسپی سے اُن دونوں کو دیکھنے لگے۔
وہ اس کی آواز سن کر اُسی جانب مڑتا، دانت پیس کر دیکھنے لگا جبکہ نایاب نے اب کی بار اسے آنکھ ماری اور نایاب کی اس حرکت پر وہ کانوں کی لوؤں تک سرخ ہوا۔ وہ جلدی سے واپس مڑ اور وہاں سے نکلتا چلا گیا۔
جبکہ نایاب مہیار کے تیزی سے پلٹنے پر قہقہہ لگانے لگی۔ کتنی دیر تک وہ اپنی حرکت پر ہنس رہی تھی۔ اگر یہ کہا جائے کہ وہ مہیار کے ری ایکشن کو سوچ کر ہنس رہی تھی تو کچھ غلط نہ تھا۔ محبت اس سے کیا کیا کروا رہی تھی؟ وہ خود بھی نہیں جانتی تھی مگر جو وہ کر رہی تھی، اسے بھی اس سب میں مزہ آنے لگا تھا۔ وہ کافی دیر تک اس جگہ کو دیکھ رہی تھی جہاں سے مہیار چلا گیاتھا اور پھر وہ بھی اپنا سر جھٹک کر مل کے اندر چلی گئی تھی۔
━━━━━━━━━━━━━
ٹھیک ہے میں اس لڑکے سے ملنے کے لیئے تیار ہوں ۔ابراہیم مبین نے اپنے جواب سے گویا اسے دوسری زندگی کی نوید سنا دی تھی۔
آپ سچ کہہ رہے ہیں ڈیڈ؟وہ خوش ہوتے ہوئے پوچھ رہی تھی جبکہ فرطِ جذبات سے وہ دوبارہ ان کے گلے لگی۔
بلکل سچ میرے بیٹے۔ وہ اس کا سر چومتے ہوئے یقین دہانی کروانے لگے۔
آئی لو یو ڈیڈ۔ وہ جھٹ سے کہتی ان کے گال پر بوسہ دے گئی۔ خوشی اس کے انگ انگ سے پھوٹتی ہوئی محسوس ہورہی تھی۔
لیکن میری ایک چھوٹی سی شرط ہے ۔اس کے خوشی سے چمکتے دمکتے چہرے کی جانب دیکھتے ہوئے انھوں نے کہا۔
کیسی شرط ڈیڈ؟ وہ یکدم ناسمجھی سے ان کی جانب دیکھ کر پوچھنے لگی۔
شرط یہ ہے کہ وہ لڑکا مہیار علوی ، تم سے شادی کرنے کے بعد اپنی جاب چھوڑ کر سیاست میں حصہ لے گا۔ وہ اپنی شرط سنا کر اب اس کے چہرے کے اتار چڑھاؤ بخوبی نوٹ کر رہے تھے جہاں ایک رنگ جارہا تھا اور دوسرا آرہا تھا۔
لیکن۔۔۔ ڈیڈ وہ۔۔۔۔۔
میری بس اتنی سی شرط ہے بیٹے۔ باقی آپ کی مرضی۔ ابھی وہ اپنی بات مکمل کرتی، ابراہیم مبین نے اس کی بات کاٹ کر اس سے کہا تو وہ ان کی جانب بے یقینی سے دیکھنے لگی، تھوڑی دیر پہلی والی خوشی اب غائب تھی۔
لیکن۔۔۔۔اگر ۔۔اگر وہ نہ مانا تو پھر؟ نایاب ان کے چہرے کی جانب دیکھتی ہوئی پوچھ بیٹھی، خود اسے اپنی آواز کھائی سے آتی ہوئی محسوس ہوئی۔
تو پھر بھول جانا اسے۔ میرے بیٹے کو رشتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وہ یہ کہہ کر بنا اس کی بات سنے اس کے کمرے سے چلے گئے جبکہ وہ دنگ سی اچانک پیدا ہونے والی ناگہانی صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کرنے لگی۔
آج ہی تو مہیار نے اس کے منہ پر انکار کیا تھا۔ اور آج کے دن میں یہ دوسرا بڑا دھچکا تھا جو اسے لگا تھا ۔ نایاب نے دونوں ہاتھوں میں اپنا سر تھاما اور پھر وہ ایک گہرا سانس لے کر اٹھی۔ الماری سے کپڑے نکالے اور پھر واش روم میں جاکر بند ہوگئی۔ آدھے گھنٹے بعد وہ نکلی تو ڈریسنگ ٹیبل کے سامنے اپنے بالوں میں جلدی جلدی کنگھی کرنے لگی۔
آدھے گیلے، آدھے سوکھے بال جوڑے میں قید کرلیئے گئے۔خود پر ڈھیر سارا پرفیوم چھڑک کر اپنےعکس کو ایک نظر دیکھ کر کمرے سے باہر چلی گئی۔ جو کرنا تھا، اس نے آج کرنا تھا۔ اس لیئے ایک فیصلہ لے کر گھر سے گاڑی لے کر نکلتی چلی گئی۔
━━━━━━━━━━━━━
اور اب ایسا روز ہونے لگا تھا۔ محفل کے ختم ہوتے ہی بڑے صاحب کچھ وقت کے لیئے ماہ کے پاس آجاتے تھے۔ پردہ اب بھی بیچ میں حائل تھا لیکن دوبارہ ہاتھ لگانے کی کوشش بڑے صاحب نے بھی نہیں کی تھی۔
آپ کیوں مجھ سے بات کرتے ہیں؟ حالانکہ میرے پاس کرنے کو کوئی بات نہیں ہے۔ ماہ نے پردے کی جانب دیکھ کر علوی عرف بڑے صاحب سے پوچھا۔
تمھیں تجسس ہے یا ویسے ہی پوچھ رہی ہو؟ وہ اس کے سوال کے بدلے سوال کرتا سامنے کی جانب دیکھنے لگا، لہجے میں شامل خوشی کا عنصر نمایاں تھا ۔
ہاں مجھے تجسس ہے۔ مجھے جاننا ہے کہ جو شخص میری اتنی مخالفت کے باوجود بھی آکر بیٹھ جاتا ہے اور پھر بنا کچھ کہے واپس بھی چلا جاتا ہے، اسے مجھ سے بات کرنے میں اتنی دلچسپی کیوں ہے آخر؟ وہ سنجیدگی سے کہہ رہی تھی، لہجہ بلکل ٹھہرا ہوا تھا۔
کیونکہ تم دلچسپ ہو مہرماہ۔ لبوں سے اچانک پھسلا تھا، بولنے والے کے ساتھ ساتھ سننے والا بھی حیران ہوا تھا ۔
نہیں میرا مطلب ہے ۔۔۔۔۔ کہ ۔۔۔۔ اففف کچھ نہیں۔ وہ اسے وضاحت دینا چاہتا تھا مگر الفاظ کہیں گم گئے تھے، اپنی کیفیت سے جھنجھلاہٹ محسوس ہوئی تھی جو اس کے لہجے سے بھی عیاں ہو رہی تھی۔
ہاہاہاہا ۔ اس کی جھنجھلاہٹ دیکھ کر ماہ زور سے ہنسی۔ اردگرد سے لاپرواہ وہ ہنس رہی تھی ۔کتنے عرصے بعد وہ یوں کھل کر ہنس رہی تھی اسے خود بھی معلوم نہیں تھا مگر علوی اس کی ہنسی کی آواز سن کر اب وہ اس جانب خاموشی سے دیکھ رہا تھا۔
کیا ہوا؟ ماہ تھوڑی دیر بعد خود ہی چپ کر پوچھنے لگی، لہجے میں ابھی بھی ہنسی کی آمیزش شامل تھی۔
تمھاری عمر کیا ہے ماہ؟ اچانک سے علوی نے پوچھا۔
کچھ دنوں تک میں سترہ سال کی ہوجاؤں گی۔ وہ خاصے دوستانہ لہجے میں اب بتارہی تھی۔
تم تو ابھی بہت چھوٹی ہو۔ علوی نے تعجب اور بے یقینی سے کہا۔
ہنر کا عمر سے کیا تعلق ہے علوی؟ وہ اس کی جانب مڑ کر سوال کر گئی۔
بات تو سہی ہے مگر کیا تم اپنی تعلیم مکمل نہیں کر رہی؟علوی کو بتایا گیا تھا کہ وہ واحد لڑکی ہے جو وہاں تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ اس لیئے وہ اب ماہ سے پوچھ رہا تھا۔
تعلیم میں مکمل کرکے رہوں گی علوی۔ میں اپنے خوابوں کو گرہن کبھی نہیں لگنے دوں گی۔ وہ ایک عزم سےکہتی ہوئی اسے کافی بااعتماد لگی۔
تمھیں پتہ ہے تم بہت ذہین ہو۔ علوی نے شریر لہجے میں کہا۔
جی بلکل۔ وہ مزے سے کہتی ہوئی اب جانے کے لیئے اٹھنے لگی اور اسے اٹھتا دیکھ کر وہ بھی اپنی جگہ سے کھڑا ہوگیا تھا۔
چلیئے علوی پھر ملاقات ہوگی ۔ اب اجازت دیں۔ وہ پردے کے اُس پار کھڑی ہوکر اس کی جانب دیکھ کر کہنے لگی۔
میرا دل تو نہیں مان رہا ہے مگر تم کہتی ہو تو چلا جاتا ہوں۔ اللہ کی امان میں۔ یہ کہہ کر وہ اس کی جانب دیکھتا دو قدم پیچھے لے گیا اور پھر وہ وہاں سےنکلتا چلا گیا تو کتنی ہی دیر وہ اس کے لفظوں کے حصار میں کھڑی رہی۔
━━━━━━━━━━━━━
ماہ کے وہاں جانے سے ایک کہرام برپا ہو گیا تھا۔ کہاں کہاں نہیں ڈھونڈا گیا تھا اسے مگر اسے نہیں ملنا تھا تو وہ نہیں ملی۔ ان سب میں جو پرسکون تھا وہ گرو جی تھے۔ لیکن نہ تو ریشماں بائی نے ہار ماننی تھی اور نہ ہی رائمہ نے۔
ارے تم کیوں خود کو تھکا رہی ہو؟ بھاگ گئی وہ کرم جلی۔ ریشماں بائی نے رائمہ کو اِدھر اُدھر چکر کاٹتے ہوئے دیکھ کر نہایت نخوت سے کہا۔
کیوں نہ کروں غم اس کا؟ وہ ایسے کیسے جاسکتی ہے؟ وہ بھی تب جب مجھے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔رائمہ نے مٹھیاں بھینچ کردانت پیستے ہوئے کہا، لہجے میں ایک عجیب قسم کی وحشت تھی۔
مجھے تو یہ سمجھ نہیں آرہی کہ وہ بھاگی کیوں؟ ریشماں بائی نے رائمہ کی جانب دیکھ کر کہا ۔
وہ اس لیئے بھاگی کیونکہ تم لوگوں نے اسے مجبور کردیا تھا۔ ابھی رائمہ کوئی جواب دیتی کہ سامنے سے آتے گروجی نے سخت لہجے میں کہا۔
کیا مطلب؟ ہم نے کیا کہا ہے اسے؟ ریشماں بائی نے ناسمجھی سے پہلے گروجی کی جانب دیکھا اور پھر رائمہ کی طرف۔ تخت سے اٹھی تھیں اور ناسمجھی کی پرچھائیاں اس کے چہرے پر واضح نظر آرہی تھیں۔
پوچھ اپنی اس چہیتی سے۔ بتا دے گی سب تجھے یہ۔گروجی کے لہجے میں ایسا کچھ تھا جس نے ریشماں بائی کو ٹھٹھکنے پر مجبور کردیا تھا۔
کیا کیا ہے اس نے؟ ریشماں بائی تخت سے اٹھتی ہوئی رائمہ کے چہرے کی جانب دیکھ کر ان سے پوچھنے لگیں۔
گروجی۔ ہم آپ کی بہت عزت کرتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ کچھ بھی بولتے رہیں گے اور ہم خاموشی سے سن لیں گے۔ رائمہ کے لہجے میں پہلی بار بغاوت جھلک رہی تھی۔ تیز و تند لہجہ ، ریشماں بائی کے ماتھے پر جالوں کا سبب بنا۔
اے چوری، کیا بکواس کر رہی ہے گروجی سے؟ ریشماں بائی نے اس سے بھی زیادہ تیز لہجے میں پوچھا، انداز ایسا تھا کہ ابھی رکھ کے زناٹے دار تھپڑ دے مارے گیں۔
تو نہ کر میری عزت۔ بس تو یہ مت بھول تو کس کی ناجائز اولاد ہے اور تیری ماں کیسی تھی؟ گروجی نے بھی اس بار کوئی رعایت نہیں کی تھی، لہجہ دھیما مگر الفاظ انگارے کی مانند دہکتے ہوئے تھے۔
گرو جی۔ کیا ہوگیا ہے؟ چھوڑیں اسے اور نئ تو دفع ہو یہاں سے۔ شکل کیا دیکھ رہی ہےکھڑے کھڑے جاؤ۔ ریشماں بائی نے پہلے گرو جی کو آرام سے اور پھر رائمہ کی جانب غصے سے دیکھ کر کہا۔
رائمہ ہاتھوں کی مٹھیاں بھینچ کر وہاں سے بھاگتی ہوئی چلی گئی جبکہ ریشماں بائی سوچوں کے سمندر میں غرق ہو کر تانے بانے بننے لگیں تو گرو جی ایک اطمینان بھری سانس خارج کرتے خود بھی وہاں سے چلے گئے۔
جس لڑکی کی موجودگی سے محفل میں چار چاند لگ جاتے تھے اور ریشماں بائی کا کوٹھا پہلے سے زیادہ اچھے انداز میں چلنا شروع ہوا تھا، وہی لڑکی راتوں رات غائب ہوگئی۔ اور غائب بھی ایسے ہوئی تھی جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔ زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا اسے۔چکسی کو کچھ خبر نہیں تھی۔مگر گرو جی کو ایک اطمینان تھا کہ وہ جہاں بھی ہوگی، خیر سے ہوگی۔اور رائمہ؟ اس نے جو کیا تھا۔۔۔۔ کیا گرو جی کو اس کی بھنک لگ گئی تھی؟ مگر اس نے ایسا کیا کیا تھا؟
━━━━━━━━━━━━━
✦ جاری ہے۔۔۔ ✦


Comments
Post a Comment